ضلع ساہیوال میں سڑکوں، پلوں کی تعمیر کے 3 نئے میگا پراجیکٹ

ساہیوال (بےورو رپورٹ) عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، موجودہ مالی سال میں ضلع ساہیوال میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے 3 نئے میگا پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے، پراجیکٹس کی تعمیر سے ہزاروں مسافروں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع ساہیوال میں ذرائع آمد و رفت میں بہتری کیلئے تین میگا پراجیکٹس شامل کئے ہیں جن میں سب سے اہم ساہیوال شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیرنو اور اسے ون وے کرنا ہے۔ اس سڑک کی موجودہ خستہ حالت سے شہر میں آنے اور جانے والی ٹرانسپورٹ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اس بڑے منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ دو ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں لاہور بائی پاس (میکڈونلڈ چوک) سے عارف والا پل تک دو رویہ سڑک کو کارپٹ کیا جائیگا جبکہ عارف والا پل سے ملتان بائی پاس چوک تک سڑک کو ون وے کرکے کارپٹ کیا جائیگا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بجٹ میں شامل کیا گیا دوسرا اہم منصوبہ ساہیوال تا سمندری روڈ ون وے کرنیکا ہے جس سے ساہیوال، پاکپتن اور بہاولنگر کے اضلاع سے فیصل آباد اور اسلام آباد جانے والے مسافروں کو آسانی ہو گی۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں گیمبر ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج کی تعمیر بھی شامل کی گئی ہے جس سے گیمبر نورشاہ روڈ پر درجنوں دیہات کے افراد کو روزانہ گھنٹوں ریلوے پھاٹک کے کھلنے کے انتظار سے نجات ملے گی۔ اس اہم منصوبے پر ڈھائی ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔