چند گھنٹوں کی بارش سے ہی شہر تالاب، وزیر ہاﺅسنگ کی ”سب اچھا“ کی گردان

لاہور (اپنے نمائندے سے) مون سون کی چند گھنٹوں کی بارش سے ہی شہر کے نشیبی و پوش علاقے وینس کا منظر پیش کرنے لگے۔ 182ملی میٹر بارش ریکارڈ ،راوی ،اقبال ،جوبلی اور نشتر زون سمیت دیگر واسا ڈائریکٹوریٹ نکاسی آب کی فراہمی میں ناکام دکھائی دئیے۔ وزیر ہاﺅسنگ نے ”سب اچھا“ کی گردان سنا دی، اہم شاہراﺅں اور انڈر پاسز کو شہری علاقوں پر ترجیح ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے مون سون کا سلسلہ جاری جس میں 4سے 5گھنٹے کی بارش جو کہ 182ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اس پر ایم ڈی واسا لاہور کی جانب سے انفرادی کارکردگی بہتر دکھائی دی گئی جبکہ متعدد واسا زونز کے ڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کی جانب سے عملی کارکردگی کی بجائے تصاویری کارکردگی کو اہمیت دی گئی۔ اس حوالے سے متعدد مرتبہ ڈائریکٹر اقبال زون کو نا اہلی پر معطل کیا گیا جنہوں نے تھوڑے سے عرصہ کے بعد بحال ہو کر اسی زون میں تعیناتی حاصل کرلی۔ اقبال ٹاﺅن زون میں جب سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو ا تاحال علاقہ میں نکاسی آب کو بحال کرنے کی بجائے تصاویر ی کارکردگی سے کام چلایا جا رہا ہے۔ اقبال ٹاﺅن زون کے علاقہ رحمن پورہ ،پیر غازی روڈ، چاہ جمبو والا بازار ،ملت پارک ،زبیدہ پارک ،چوک با با اعظم و دیگر کے علاقہ وینس کا منظر پیش کرنے لگے جبکہ راوی زون شاہدرہ کی سٹرکیں اور گلی کوچے بارشی پانی سے ڈوب گئے۔ جوبلی زون ،نشتر زون اور دیگر زونز کے نشیبی اور پوش علاقہ میں مون سون کی بارشوں نے جل تھل کر دی ہے جبکہ ٹی این ٹی کالونی سے ملحقہ ڈرین کی دیوار ریت ثابت ہوئی پانی کا فلو برداشت نہ کر سکی جس کی وجہ سے بارشی اور نالے کا گندا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا جس پر وزیر ہاﺅسنگ کی جانب سے روٹین کا حادثہ قرار دیتے ہوئے اہم شاہراﺅں اور انڈر پاسز کو کلیئر دکھا کر دیگر شہری علاقوں پر ترجیحی دیتے ہوئے ”سب اچھا“ کی رپورٹ میڈیا کے سامنے رکھ دی جبکہ شہری علاقے بارشی پانی میں ڈوب گئے تھے واسا لاہور کی جانب سے بارش کے ختم ہونے کے ایک گھنٹہ میں اہم شاہراﺅں اور انڈر پاسز کو کلیئر کیا گیا اس میں لکشمی چوک ،قرطبہ چوک ، ٹکہ چوک شامل تھے جبکہ بارش کے ساتھ ہی جی پی او چوک، نابھہ روڈ، ریلوے سٹیشن ،رسول پارک شمع روڈ ،جوہر ٹاو¿ن, بھاٹی گیٹ، شاہجمال، تاجپورہ ، وحدت روڈ کلیئر کر دیئے گئے تھے ۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش جس میں جیل روڈ پر 124 ملی میٹر، ایئرپورٹ 84.5 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ 153،لکشمی چوک 143،اپر مال، 135 مغلپورہ 134 تاجپورہ، 40 نشتر ٹاون، 182چوک نا خدا 133, ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسکے علاوہ پانی والا تالاب 175، فرخ آباد 155، گلشن راوی 128، اقبال ٹاون 181،سمن آباد 149،جوہر ٹاون 137 ملی میٹر اور قرطبہ چوک 151 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 182 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اب تک لاہور میں ایوریج بارش 144 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نکاسی آب آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کر تے رہے۔