جنگ بندی ؟چند گھنٹے بعد ہی سیز فائر کی خلاف ورزی،ٹرمپ اسرائیل،ایران سے ناخوش

تہران،تل ابیب،واشنگٹن،ماسکو،بیجنگ،ریاض:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)جنگ بندی سوالیہ نشان؟چند گھنٹے بعد ہی سیز فائر کی خلاف ورزی،ٹرمپ اسرائیل،ایران سے ناخوش،دونوں ممالک کوجنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دےدیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ایران کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا تاہم اسرائیلی دفاعی نظام نے مار گرائے ،فوج نے کہاایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد عوام کو اگلے نوٹس تک محفوظ مقام پرجانے کی ہدایات کردیں ،دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کےلئے فعال ہے،اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہافوج کو حکم دیاسیز فائر کی خلاف ورزی پر تہران کے قلب میں رجیم اہداف پر پوری طاقت کےساتھ جوابی حملے کیے جائیں۔

ایرانی فوج نے کہاجنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اسرائیل پر حملے کی خبر جھوٹی ہے،کوئی میزائل نہیں داغا،اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 3حملے کیے،دشمن کے الفاظ پریقین نہیں، فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کےلئے ٹریگر پر انگلی رکھے گی۔

قومی سلامتی کونسل نے خبردار کیا مزید کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن، سخت اور بروقت جواب دیا جائےگا،ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے سیزفائر کی خلاف ورزی کرنے پرشدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک سے نالاں، خاص طور پر اسرائیل سے بہت ناخوش ہوں، پسند نہیں آیااسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوری بعد بمباری شروع کر دی، اسرائیل اپنے پائلٹس کو واپس بلائے،بم گرانا بند کرے،بمباری کی گئی تو جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔

ٹرمپ نے کہااسرائیل ،ایران دونوں کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرد ی اب کبھی دوبارہ جوہری پروگرام شروع نہیں کر سکے گا، بی 2پائلٹس نے اپنا کام شاندار اندازمیں انجام دیا، سعودی عرب نے بہت اچھا کردار ادا کیا،قبل ازیںامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر اپنے بیان میں کہا دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی نافذ العمل ہے، اسرائیل ایران پر حملہ نہیں کرے گا،ایران کی جانب جانےوالے اسرائیلی لڑاکا طیارے دوستانہ انداز میں ہاتھ ہلاتے ہوئے واپس گھر (اسرائیل) کی طرف چلے گئے،کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، جنگ بندی نافذ ہے،معاملے پر توجہ کےلئے آپ کا شکریہ!۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیااسرائیل ،ایران تقریباً ایک ہی وقت میں میرے پاس آئے اور کہاہم امن چاہتے ہیں،مجھے احساس ہوا فیصلہ کن گھڑی آ چکی ،اصل فتح ساری دنیا اور مشرق وسطیٰ کی ہوئی، دونوں ممالک اپنے مستقبل میں بے پناہ محبت، امن و خوشحالی دیکھیں گے،جنگ برسوں تک چل سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کردیتی،خدا اسرائیل ،ایران ،مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کو سلامت رکھے۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سیز فائر کے باوجود ایران میں نئے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید حملے نہ کرنے کا اعلان کردیا،بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے جواب میں تہران کے قریب ریڈار تنصیب کو تباہ کیا۔

بعدازاںصدر ٹرمپ نے گفتگو کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے کہاجنگ کے تمام مقاصد حاصل کر لیے ،مزید حملے نہیں کریں گے،قبل ازیں اسرائیل اور ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہد ے کی ثوثیق کی گئی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاجنگ بندی کا فیصلہ امریکی صدر ٹرمپ سے ہم آہنگی کے بعد کیا ،جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،ایران نے کہا قطر کی ثالثی میں جنگ بندی پر رضا مند ہوئے،عوام کی بیداری، برداشت اور اتحاد قابل تعریف ہے،دشمن کی شکست ایرانیوں کے پختہ عزم، سٹرٹیجک صبر اور ذلت یا یکطرفہ سمجھوتہ قبول کرنے سے انکار کی وجہ سے ہوئی ،حملوں کے جواب میں فوج کی فیصلہ کن اور نپی تلی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔

پاسداران انقلاب کے سربراہ پاکپور نے کہا کامیابی اتحاد اور شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے،قوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں، ٹرمپ نے ایران کےخلاف دوبارہ جارحیت کی تو منہ توڑ جواب ملے گا،سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا کسی کی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے،دنیا تاریخ سے واقف ایران جھکنے والی قوم نہیں، ماضی گواہ ہے ایرانی لوگوں کو شکست نہیں دی جا سکتی، کسی کو نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا اسرائیل جارحیت روک دے تو کوئی کارروائی نہیں کریں گے،فوج نے اسرائیلی جارحیت کےخلاف کارروائیاں مقامی وقت کے مطابق 4 بجے تک جاری رکھیں، آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے، ایرانی افواج ہر حملے کا جواب دینے کےلئے خون کے آخری قطرے تک تیار ہیں ، ایرانی قوم فوج کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

علاوہ ازیںایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطے میں کہاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کا احترام کریں گے تاہم شرط ہے اسرائیل بھی معاہدے کے نکات کی پابندی کرے،صہیونی حکومت جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرتی تو ایران بھی معاہدے کی پاسداری کرے گا۔

دوسری جانب جنگ بندی سے پہلے ایران ، اسرائیل نے ایک دوسرے پر شدید حملے کیے ،تہران نے 5 مرحلوں میں 11 میزائل داغے،6 اسرائیلی،متعدد زخمی ہوگئے،اسرائیل کی جانب سے بھی فضائی حملے کیے گئے، تہران زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا،گیلان صوبے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایاگیا،مزید 9 افراد جاں بحق ،33 زخمی ہوگئے، ایرانی ایٹمی سائنسدان رضا صدیقی بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔

مزید برآں سعودی عرب،چین،یورپی یونین ودیگر ممالک نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہافریقین جلد از جلد سیاسی حل کی جانب لوٹیں۔

سعودی وزارت خارجہ نے کہا امریکی صدر کی کوششیں قابل تحسین، کشیدگی ختم کرکے فریقین کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں،امید ہے آنےوالے دنوں میں تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کریں گے ،معاہدہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا ،علاقائی تنازعات ،اختلافات کے حل کےلئے مکالمہ ، سفارتی ذرائع اپنانے چاہئیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا بیجنگ تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کرتا ہے جلد از جلد سیاسی حل کی جانب لوٹ آئیں،مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھنے کےلئے عالمی برادری کےساتھ ملکر کام کرنے کےلئے تیار ہےں ،نہیں چاہتے اسرائیل ، ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھے

وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، بیان میں کہا گیا چین قومی خود مختاری و سلامتی کے تحفظ میں ایران کی حمایت کرتا ،مشرق وسطیٰ میں امن کا خواہاں ہے،چینی وزیر خارجہ نے ترکیہ کے ہم منصب سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہاچین ایران، اسرائیل اور دیگر متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہے اور حقیقی جنگ بندی کے نفاذ کا منتظر ہے۔

وانگ یی نے کہا تمام فریقین کو برابری کی بنیاد پر دوبارہ مکالمے کا آغاز کرنا چاہیے اور ایرانی جوہری مسئلے کے سیاسی حل کی راہ پر واپس آئیں،وزارت خارجہ ترکیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا خوشی ہے اسرائیل ، ایران نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ،دونوں ممالک سیز فائر کا احترام کریں،مذاکرات،سفارتی راستہ کھلا رکھیں۔