لاہور (سپیشل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب علی شیر چٹھہ نے موٹر برانچ، فرید کوٹ ہاﺅس ، ناکوں اور پراپرٹی ٹیکس کی ریکوریز کو تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو متحرک انداز میں کارکردگی دکھانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی علی شیر چٹھہ نے پیر کے روز ریجن اے اور ریجن سی کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹاف کی حاضری، فائل ورک، عوامی شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے دفاتر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ دفتر کا ماحول خوشگوار، صاف ستھرا اور عوام دوست ہونا چاہیے تاکہ سائلین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ریجن اے مشتاق آفریدی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ریجن اے طاہرہ چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ڈی جی کو ریجن کی مجموعی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ علی شیر چٹھہ نے افسران کو تاکید کی کہ ٹیکس ریکوری بالخصوص پراپرٹی اور گاڑیوں کے واجبات کی وصولی میں مزید بہتری لائی جائے اور تمام ناکوں پر نگرانی سخت کی جائے تاکہ حکومتی ریونیو میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی ایکسائز نے عملے کیلئے نظم و ضبط، بروقت حاضری اور شہریوں سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنے کو بھی لازم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمے کی کارکردگی کا براہ راست اثر حکومت کی ساکھ پر پڑتا ہے لہٰذا تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور فرض شناسی سے نبھائیں۔
ٹیکس ریکوری، گاڑیوں کے واجبات کی وصولی بہتر بنائی جائے: علی شیر چٹھہ

















