روٹ 47پنجاب میں سمارٹ ترقی کی نئی داستان ہے: مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اچانک لاہور شہر کا دورہ کیا اور مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ نے والٹن روڈ پر نئے اوور ہیڈ برج کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نو تعمیر شدہ ”روٹ 47“کا بھی معائنہ کیا، سی بی ڈی” روٹ 47“ کو عام ٹریفک کےلئے مکمل طور پر فعال کرکے باقاعدہ ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا ، ”روٹ 47“ ساڑھے چار کلومیٹر طویل ہے، دو طرفہ اور تین رویہ جدید ترین انفراسٹرکچر پر مشتمل ہے،کلمہ چوک کو والٹن سے ملانے والا”روٹ 47“ کو 1947ءکی جدوجہد آزادی سے منسوب کیا گیا ہے، سی بی ڈی” روٹ 47“ سے گلبرگ سے والٹن تک کا سفر چند منٹوں میں ممکن ہے، ”روٹ 47“ پر تقریباً 2.5 کلومیٹر طویل سائیکل سواروں کےلئے لین بھی مخصوص ہے،والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر پیدل اور سائیکل سواروں کےلئے بھی علیحدہ واک وے مخصوص کیا گیا ہے، والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر 912 میگا واٹ پر نصب سولر پینلز سے ایک میگا واٹ بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی، ”روٹ 47“ شاہراہ کےساتھ بارش کے50 لاکھ گیلن پانی کو ذخیرہ کرنے کےلئے مصنوعی جھیل بنائی گئی، خوبصورتی کےلئے فوارے اور ایریشن سسٹم نصب کیے گئے ہیں، ”روٹ 47“ شاہراہ کی شناخت کو اجاگر کرنے کےلئے مختلف مونیومنٹس بھی نصب کیے گئے ہیں، مریم نواز نے کہا ”روٹ 47“ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ پنجاب میں سمارٹ ترقی کی نئی داستان ہے،ادھر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بیوہ خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا دین اسلام نے بیوہ خواتین کو عزت اور حقوق کی ترغیب دی ،بیوہ خواتین سماج کی اجتماعی ذمہ داری ہے، کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جنگوں کے دوران بیوہ ہونےوالی خواتین عالمی ضمیر پر چبھتا سوال ہیں، بیوہ خواتین کو ہمدردی نہیں، حق اور سہارے دے رہے ہیں، بیوہ خواتین یا سنگل مدر کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں خصوصی ترجیح دی جارہی ہے، بیوہ خواتین کے بچوں کو ہونہار سکالر شپ میں بھی ترجیح دی جارہی ہے، ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بیوہ خواتین کی معاونت یقینی بنارہے ہیں۔