امریکہ جنگ میں شامل، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے، ایٹمی پروگرام مکمل تباہ کردیا،وزیر دفاع


واشنگٹن، تہران، تل ابیب: (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) امریکہ جنگ میں شامل، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے، ایٹمی پروگرام مکمل تباہ کرنے کادعویٰ کردیا، تہران نے بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کردی، اسرائیل پر ڈرون ،میزائلوں کی بارش، عمارتیں تباہ، متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کئے، 6 بنکر بسٹر بم پھینکے گئے۔ امریکی حکام نے کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے فردو جوہری سائٹ پر بموں کا پورا پے لوڈ گرایا، 30 ٹن بارود گرایا گیا، فردو ایٹمی پلانٹ کو مکمل تباہ کردیا، آبدوزوں سے 400 میل دور داغے گئے، 30 ٹام ہاک میزائلوں نے ایران میں جوہری مقامات اصفہان اور نطنز کو نشانہ بنایا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا تمام امریکی جنگجووں کو ایران پر حملے کی مبارکباد دیتا ہوں، تمام طیارے حملے کرکے بحفاظت واپس آ گئے،دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کرسکتی تھی،بڑی کامیابی ملی ، اسرائیل اب بہت زیادہ محفوظ ہے، ریاست ہائے متحدہ امریکہ، اسرائیل اور دنیا کےلئے تاریخی لمحہ ہے، ایران اب جنگ کے خاتمے پر رضامند ہوجائیگا۔

بعدازاں قوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ایران پرامن نہ رہا تو آئندہ حملے مزید سخت ہوں گے،تہران کی جوہری تنصیبات ختم کر دیں، فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا،مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا،ایران کا دنیا کےلئے جوہری خطرہ ختم کردیا۔ تہران 40 سال سے امریکہ مردہ باد کے نعرے لگا رہا تھا، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کےساتھ ٹیم کے طور پر کام کیا، جوہری تنصیبات پر حملوں میں بہترین کامیابی ملی، ایران کو ہر صورت امن قائم کرنا ہو گا۔

امریکی صدر نے کہااب یا تو امن قائم ہو گا یا ایران کیلئے ایسا سانحہ ہوگا جو 8دنوں سے بہت بڑا ہوگا، یاد رکھیں ابھی بہت سارے اہداف کونشانہ نہیں بنایا گیااگر امن قائم نہیں ہوتا تو دیگر اہداف کو درستی، رفتار اور کامیابی سے نشانہ بنائیں گے۔

دریں اثنا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو میں رابطہ ہوا،ٹرمپ نے امید کا اظہار کیا حملے نئی سفارتکاری کی راہ ہموار کریں گے، اسرائیل کےلئے بدترین خطرے کو مٹا دیا، امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدرفی الحال مزید حملوں کا منصوبہ نہیں بنارہے ہیں، ایران پر حملے کے دوران اسرائیل امریکہ سے مکمل رابطے میں تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام میں کہا مبارک ہو صدر ٹرمپ، ایرانی جوہری تنصیبات کو امریکہ کی زبردست و برحق طاقت سے نشانہ بنانے کا آپ کا جرات مندانہ فیصلہ تاریخ بدل دیگا، حملوں نے ثابت کر دیا امریکہ کو واقعی کوئی شکست نہیں دے سکا، ٹرمپ نے تاریخ کا رخ موڑ دیا، اقدام خوشحال و پرامن مستقبل کی طرف لے جائےگا۔

نیتن یاہو نے کہاکہ ایران کاجوہری پروگرام اسرائیل کے وجود کےلئے خطرہ تھا،صدر ٹرمپ نے آپریشن مکمل ہونے کے فوری بعد مجھے فو ن کیا، ایران کاجوہری پروگرام ختم کرنے کاوعدہ پورا ہوگیا، امریکہ نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے نہ صرف اپنے اتحادیوں بلکہ پوری دنیا کو واضح پیغام دیا،مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےلئے ایران کےخلاف مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

پنٹا گون میں فضائیہ کے سربراہ جنرل ڈین کین کے ہمراہ مشترکہ بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کردیا ،تہران نے حملہ کیا تو بھر پور جواب دیں گے۔ امریکہ بار بار کہتا رہا ایران کوجوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران کے پاس جوہری معاہدے کےلئے 60دن تھے، اسرائیل کو ابتدا میں ایران میں بہت کامیابیاں ملیں۔

پیٹ ہیگستھ نے اسرائیل کو ہر اتحادی کی حمایت حاصل ہے، دنیا کو امریکی صدر کی بات سننا ہوگی، جنرل کوریلا کی سربراہی میںآپریشن مڈ نائٹ ہیمر کیا گیا،خفیہ مشن کاہدف ایٹمی اثاثے تھے،ایران کی طاقت کو بھرپور طاقت سے کچلیں گے،آپریشن ایران میں رجیم چینج کےلئے کیا گیانہ ہی عام شہریوں ،آبادی کو نقصان پہنچا ۔

امریکی فضائیہ کے چیف جنرل ڈین کین نے کہا کہ ایران کی تینوں جوہری پلانٹس کو نشانہ بنایا ،امریکی تاریخ میں بی ٹو بمبار طیاروں کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا،ایرانی ریڈار امریکی جہاز کو پکڑنے میں ناکام رہے ،بی ٹو بمبار طیاروں کو دوسرے طیاروں کی مدد حاصل رہی، مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کا بھرپور تحفظ کریں گے،حملے کے دوران 2ر درجن ٹاماہاک میزائل نے بھی اہداف کو نشانہ بنایا، حملے کے وقت ایران کے کسی طیارے سے اڑان بھری نہ ہی ایرانی دفاعی نظام خفیہ آپریشن کو ناکام بنا سکا۔

ادھر ایران نے امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے اور جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہاامریکہ تھوڑا انتظار کرے، حملوں کی سزا بھگتے گا،ایرانی ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنی قومی صنعت کی ترقی روکنے کی اجازت نہیں دے گا،ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکی حملے سے قبل تینوں جوہری تنصیبات کو خالی کرا لیا گیا تھا، نشانہ بنائی گئی تنصیبات میں کوئی مواد نہیں تھا،فردونیوکلیئر سائٹ کی صرف داخلی و خارجی سرنگوں کو نقصان پہنچا۔

ایران نے واضح کیا امریکی فضائی حملے کے بعد قم شہر و اردگرد کے علاقوں کے مکینوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں، فردو کی جوہری تنصیب کے آس پاس تابکاری پھیلاو کے کوئی شواہد نہیں ملے،فوری جانچ کی گئی ،گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، امریکی حملے کے نتیجے میں کسی قسم کی تابکاری سامنے نہیں آئی۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ حق دفاع کے طور پر جوابی کارروائی کریں گے، نتائج کی ذمہ داری امریکہ پر ہوگی، سفارتکاری کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے چاہئیں لیکن اب وقت نہیں، جوہری تنصیبات پر حملہ آخری ریڈ لائن تھی،امریکہ کے ایران پر مزید حملے روکنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے،عالمی جوہری ایجنسی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تحقیقات کرے، امریکہ نے ایٹمی پروگرام پر حملہ کر کے جارحیت کی، تباہ کن نتائج ہوں گے۔

عباس عراقچی نے کہا ایران اپنی خودمختاری، مفادات اور عوام کے دفاع کےلئے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے،اپنی سالمیت ،آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے،امریکی صدر ٹرمپ نے دھوکہ دیا،اقدام ناقابل معافی،مذاکرات کی طرف واپس بلانا سمجھ سے باہر ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہاامریکی حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں، امریکہ کو اپنے اقدامات کا جواب دینا پڑےگا ،پاسداران انقلاب نے کہا ایران مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائیگا، یورپی یونین کا کوئی بھی بحری بیڑہ یورپ نہیں پہنچ سکے گا، جنگ شروع ہو چکی ، خطے میں موجود ہر امریکی شہری یا فوجی اب ہدف ہے۔

وزارت خارجہ نے کہا ایران امریکی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف پوری قوت سے مزاحمت کریگا،دنیا نہ بھولے سفارتی عمل کے دوران سب سے بڑی خیانت کی گئی،امریکہ کسی ضابطے، اخلاقیات یا عالمی اصولوں کا پابند نہیں وہ نسل کش اور قابض ریاست کے مقاصد کےلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، سپریم لیڈر خامنہ ای نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا امریکہ جنگ میں اپنے نقصان کیلئے داخل ہوگیا، پہنچنے والا نقصان ایران سے کہیں زیادہ ہوگا۔

ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظور ی دےدی،اعلیٰ سکیورٹی قیادت پارلیمنٹ کے فیصلے کی حتمی منظوری دیگی،قدم خطے میں بڑھتی کشیدگی، امریکی پابندیوں اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ تصادم کے تناظر میں اٹھایا گیا۔

علاو ہ ازیں ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ حملوں کے مجرموں کو سزا دی جائے۔