سیاسی استحکام و قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے:صدر مملکت

لاہور:(سٹاف رپورٹر ) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے پاکستان کو سیاسی استحکام و قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے،معاشرے کی ترقی محنت کشوں کو ریلیف دئیے بغیر ممکن نہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی وانچارج پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور ، سینئر پارٹی رہنما بیرسٹر عامر حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آصف زرداری نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کے مسائل کے حل کےلئے اقدامات اٹھائے ،امید ہے حکومت بجٹ میں محنت کش طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے گی، چودھری منظور نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافے کی تجویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا تمام ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں میں ضم وپنشن اصلاحات ختم کی جائیں،محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت 50 ہزار روپے مقرر ،ای او بی آئی (EOBI) کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ،سرکاری ملازمین ،محنت کشوں کےلئے دیگر فلاحی اقدامات بجٹ کا حصہ بنائے جائیں۔

پی پی رہنما نے کہاپنجاب میں ورکرز ویلفیئر اور ای او بی آئی کے فنڈ کو کسی اور صوبائی منصوبے میں استعمال نہ کیا جائے کیونکہ فنڈز پر صرف محنت کشوں ،خاندانوں کا حق ہے۔

بیرسٹر عامر حسن نے ملاقات میں صدر مملکت کو تجاویز پیش کیں پیپلز پارٹی کے تنظیمی عہدوں پر نظریاتی و اہل لوگ ہو نے چاہئیں،الیکٹیبلز انتخابی سیاست کریں، پارٹی تنظیم سازی میں نظریاتی نوجوانوں کو آگے لانا ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا تمام جمہوری قوتیں ملکر ملکی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنا سکتی ہیں،جمہوریت ، عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے،عوامی مسائل کے حل کےلئے ہر فرد و مکتبہ فکر کوکردار ادا کرنا ہوگا ،نوجوان ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے آگے آئیں،معیشت مضبوط بنانے کےلئے سب کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ،ملک کو درپیش چیلنجز کا باہمی تعاون ، قومی اتحاد اور یکجہتی سے سامنا کرنا ہو گا ۔

آصف زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کےلئے تنظیموں کو سخت محنت کرنا ہوگی، جلد ضلعی سطح پر کارکنوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کرونگا، بھٹو ،بےنظیر شہیدکی قربانیوں اور جدوجہد کی بدولت صدر پاکستان ہوں۔