اسلام آباد،راولپنڈی ،پشاور: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے سپیکر قومی اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی پارلیمنٹرین کے سرکاری دورے پر پابندی عائد کر دی، سپیکر کی جانب سے مدعو کردہ دیگر تقریبات میں بھی پی ٹی آئی کا رکن شرکت نہیں کرے گا،پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی کے تمام اراکین کو مطلع کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی حد تک سپیکر سے ملاقاتیں ہوں گی۔
ادھر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں سب کو معلوم ہے،حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، ناجائز ٹیکسز اور مہنگائی کے آنے والے طوفان کےخلاف آواز اٹھائیں گے، کسی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، احتجاج کیلئے بانی پی پی آئی ہدایات دیں گے، وفاق خیبرپختونخوا کے عوام کو ہمیشہ لالی پاپ دیتا ہے، این ایف سی ایوارڈ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر بقایاجات وفاق ادا نہیں کر رہا۔
علاوہ ازیں اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا عمران خان نے ورکرز کےلئے پیغام دیا ہے وہ قربانی کےلئے تیار رہیں، معاشرے ایٹم بم گرانے سے نہیں انصاف اور اخلاقیات غائب ہونے سے ختم ہوجاتے ہیں، حکومت کو کہنا چاہتی ہوں آپ نے ظلم کا ہر ضابطہ توڑا ، نواز شریف پاناما کے کیس میں تھے لیکن ان کی بیگم کو کوئی تکلیف نہیں دی گئی، بشریٰ غیر سیاسی خاتون ہیں ،ملنے نہیں دیا جاتا، یاسمین راشد، صنم جاوید، سینیٹر مشتاق کی اہلیہ کو باہر آنے دیں، خواتین کےساتھ امتیازی سلوک نہ کریں، فارم 47 کی حکومت عورتوں کی ہی دشمن ہے۔
کسی بھی قربانی کیلئے تیار، حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے،پی ٹی آئی

















