دہشتگردی کیخلاف پاک بھارت مشترکہ فورم ہونا چاہیے،بلاول بھٹو

واشنگٹن :(بیورورپورٹ) سفارتی مشن کے سربراہ وچیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مسئلہ کشمیر دیرپا جنگ بندی کی کنجی،دہشتگردی کیخلاف پاک بھارت مشترکہ فورم ہونا چاہیے۔

چینی ٹیلی ویژن کو خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو نے بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقے میں یکطرفہ حملوں کو غیر قانونی اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی کارروائیوں نے خطے میں امن کو خطرے میں ڈال دیا،پاک بھارت جنگ بندی کےلئے عالمی برادری کا کردار قابلِ تعریف ہے،پائیدار امن صرف اور صرف سفارتکاری اور بامعنی مذاکرات سے ہی ممکن ہے، پاکستان نے پہلگام حملے کی غیر جانب دار تحقیقات کی پیش کش کی تھی مگر بھارت نے رد کر دیا، خیبرپختونخوا،بلوچستان میں دہشت گردحملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کی طویل فہرست ہے، دونوں ممالک کے درمیان ایسے مشترکہ فورم کی اشد ضرورت ہے جو نہ صرف پہلگام بلکہ تمام دہشت گرد واقعات کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرے۔

بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو دیرپا جنگ بندی کی کنجی قرار دیتے ہوئے کہا عالمی برادری حساس ترین مسئلے کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی، بھارت کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرنا بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، معاہدے کے تحت کوئی فریق یکطرفہ فیصلے کا اختیار نہیں رکھتا۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کے پاکستانی کاکس سے ملاقات کی، میزبانی نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکن کانگریس ٹام سوازی نے کی، کاکس کے ری پبلکن رکن جیک برگمین بھی شریک تھے جبکہ مشہور کانگریس پرسن الہان عمر نے بھی شرکت کی، پاکستانی وفد نے کانگریس اراکین کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور سرحدی جارحیت سے آگاہ کیااور مو¿قف اختیار کیا جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کےلئے جنگ نہیں بلکہ بامقصد ڈائیلاگ ہی واحد راستہ ہے۔