حکومت عوامی خدمت کے تحت طبی شعبے میں بہتری کیلئے کوشاں ہے:صوبائی وزیر زکوٰة و عشر
لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر زکوٰة و عشر پنجاب راشد اقبال نصراللہ نے گزشتہ روز گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ گلاب دیوی ہسپتال مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور یہاں آکر انہیں دلی خوشی محسوس ہوئی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گلاب دیوی ہسپتال پروفیسر حامد حسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر العلیم میڈیکل کالج ڈاکٹر عابد علی ہاشمی، ایڈمنسٹریٹر زکوٰة پنجاب اسلم رامے، ڈسٹرکٹ زکوٰة آفیسر لاہور رضوان عبداللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاصمہ منور اور اسسٹنٹ میڈیکل سوشل آفیسر محمد رمضان بھی موجود تھے۔ایم ایس پروفیسر حامد حسن نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت پنجاب ہسپتال کیلئے گرانٹ بحال کرے اور مالی امداد فراہم کرے تو گلاب دیوی ہسپتال مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات مہیا کر سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن کے تحت صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


















