پاکستان کو کبھی بھی دبایا نہیں جا سکتا،بھارتی آبی دہشتگردی کے نتائج بھیانک ہوں گے، فیلڈ مارشل

راولپنڈی،کوئٹہ:(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے پاکستان کو کبھی بھی دبایا نہیں جا سکتا، دشمن کے عزائم کو مکمل شکست دینگے،بھارتی آبی دہشتگردی کے نتائج بھیانک ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا ،طلبہ، افسروں و فیکلٹی سے خطاب میں آپریشن بنیان مرصوص کے شہداءکو خراج عقیدت ،خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاقومی قیادت کے تحت عوام مادر وطن کے دفاع کےلئے فولاد کی دیوار بن گئے،معرکہ حق کی کامیابی قومی عزم اورقومی اداروں کی مکمل ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کسی بھی جارحیت کو شکست دینے اور خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاکستان کو کبھی بھی دبایا نہیں جا سکتا ،کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دہشت گردی کےخلاف جنگ سے توجہ ہٹانے کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے،جنوبی ایشیا میں استحکام کےلئے تنازع کشمیر کا فوری منصفانہ حل ضروری ہے، پاکستان میں دہشتگردی کو بھارتی ریاستی سرپرستی مل رہی ہے، قوم کے تعاون سے لعنت کیخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

فیلڈ مارشل نے کہاطلبہ، افسر اپنی ذمہ داریاں بھرپور عزم، جذبے سے ادا کریں،تخلیقی سوچ و تحقیق کی ضرورت پر زوردیں،تربیت نہ صرف موجودہ حالات کی عکاسی بلکہ مستقبل کے میدان جنگ کےلئے بھی تیار کرے جہاں چستی، جدت اور غیر متزلزل عزم درکار ہوگا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی طرف سے مستقبل کے عسکری رہنماوں کی اعلیٰ معیار کی تربیت کو سراہا،قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ نے کیا۔