امریکہ کی تجویز منظور،اسرائیل نے غزہ جنگ بندی منصوبے پر دستخط کر دیئے

واشنگٹن ،غزہ،جکارتہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکہ کی تجویز منظور،اسرائیل نے غزہ جنگ بندی منصوبے پر دستخط کر دیئے۔

ترجمان وائٹ ہاوس کیرولائن لیویٹ نے پریس بریفنگ میں کہااسرائیل نے امریکہ کے مشرق وسطیٰ میں خصوصی مندوب سٹیو وٹکوف کی نئی تجویز پر دستخط کیے، حماس کےساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ،امید ہے جنگ بندی ہو جائے گی تاکہ تمام مغویوں کو واپس لایا جا سکے،حماس کی جانب سے ابھی تجویز پر جواب نہیں ملا۔

مجوزہ معاہدے میں اسرائیلی یرغمالیوں ،فلسطینی قیدیوں کی رہائی،غیر مشروط انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے،5 یرغمالی جنگ بندی کے پہلے روز اور 5 جنگ بندی کے 60 ویں روز رہا ہوں گے ، امریکی صدر ٹرمپ جنگ بندی معاہدے وغزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی ضمانت دیں گے۔

دوسری جانب حماس نے امریکہ کی نئی جنگ بندی تجویز کو اسرائیلی موقف کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا منصوبہ قتل و قحط کا سلسلہ جاری رکھنے کا ذریعہ ہے،منصوبے میں اسرائیلی افواج کی واپسی، مکمل جنگ بندی اور بھرپور امداد جیسی بنیادی شرائط شامل نہیں۔

سمیع ابو زہری ،باسم نعیم نے کہاحماس اب بھی تجویز کا جائزہ لے رہی ہے،مسودہ عوامی مطالبات پورے کرنے سے قاصر ہے اور مستقل جنگ بندی کا کوئی واضح عزم نہیں۔

ادھرفرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے ایک بار پھر فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا مشرق وسطیٰ پرفرانس کی خارجہ پالیسی میں کوئی دہرا معیار نہیں ،پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کرنے کے اسرائیلی منصوبے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا فلسطینی ریاست کو شرائط کےساتھ تسلیم کرنا اخلاقی فرض ہے،غزہ کی صورتحال بہتر ہونے تک اسرائیل کیخلاف موقف سخت کرنا ہو گا۔