بڑے منصوبے شروع کرنے کااعلان،جرائم پیشہ افراد کےخلاف بے رحمانہ آپریشن ہوگا،مریم نواز


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا،آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی،مریم نوازنے اراکین اسمبلی کوپہلے جامع اور منفردبیوٹی فکیشن پلان اور ہر پراجیکٹ پر خود3گھٹنے طویل بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے کہابیوٹی فکیشن پلان کے تحت ہر ڈسٹرکٹ کے بازاروں میں لٹکتے بے ہنگم بجلی کے تار انڈر گراﺅنڈ کیے جائیں گے،ریڑھی بازار قائم ہوگا ،مختلف شہروں میں کینالز کوبھی سجایا جائے گا، بیوٹی فکیشن پلان کے تحت بازاروں کی ری ماڈلنگ، انفراسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی اور فوڈ سٹریٹ بھی قائم کی جائیں گی۔

مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی سے نشستوں پر جا کر ملاقات کی ،حال احوال دریافت کیا،اراکین اسمبلی نے نواز،شہباز،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں نئے پراجیکٹس لانے کے اعلانات کیے،نادار ، ضرورت مندوں کےلئے راشن کارڈ جلد لانچ ،ہر بڑے شہر میں واسا قائم کرنے سمیت متعدد منصوبے شامل ہیں،رواں سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ اورپنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ رواںسال مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مریم نوازنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جو وعدہ کروں گی پورا کروں گی، تجاوزات کے خاتمے سے صوبے بھر میں بازار کھلے ،عوام خوش ہیں،دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ستھرا پنجاب کو روز بروز بہتر سے بہترین بنانے کی کوشش کررہے ہیں، شہروں کے بعد پہلی مرتبہ گاﺅں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا،کوئی ڈسٹرکٹ یا تحصیل بیوٹی فکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا،اراکین اسمبلی میرے بہن، بھائیوں کی طرح اور آنکھیں اور کان کے مترادف ہیں،جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرینگے، شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، سی ٹی ڈی کو مضبوط بنا یا، صوبے بھر میں کومبنگ آپریشن ہورہے ہیں، چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہوں گے۔