اقلیتوں کے ساتھ بہتر سلوک ملکی ترقی اور بقاءکی بنیادی شرط ہے:ملک احمد خان

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب اسمبلی کی تاریخی عمارت میں یوتھ ڈویلپمنٹ فاونڈیشن کے زیراہتمام ”پنجاب انکلوسِو گورننس سمٹ 2025“ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس سمٹ کا مقصد شفاف، جوابدہ اور جامع طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا اور اقلیتی برادریوں کی فیصلہ سازی میں موثر شمولیت کو یقینی بنانا تھا۔ تقریب میں سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اقلیتی رہنما اور نوجوان سماجی تبدیلی کے علمبرداروں نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کا آغاز ایم کیپ پراجیکٹ کی پروجیکٹ منیجر عروج جہانگیر کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جبکہ چرچ آف پاکستان لاہور کے بشپ ندیم کامران نے دعائیہ کلمات پیش کئے۔معزز مہمانوں میں اسپیشل سیکرٹری بلدیات آسیہ گل، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور علی بہادر قاضی، اور چیف انسٹرکٹر ایم پی ڈی ڈی ڈاکٹر شعیب اکبر شامل تھے۔ سمٹ میں نیڈ فنڈڈ منصوبے ”اقلیتی برادریوں میں شہری شمولیت اور گورننس کو مضبوط بنانے“کے تحت کی جانے والی پیش رفت بھی پیش کی گئی`، جس میں لاہور، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا کی 46 یونین کونسلز میں 300 سے زائد اقلیتی نمائندوں کو تربیت فراہم کی گئی۔ 80 یونین کونسل فورمز اور 4 ضلعی گورننس فورمز کے قیام سے مقامی سطح پر مسائل کے حل کی کوششیں کی گئیں۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تخلیق و ترقی کیلئے اقلیتوں کی خدمات کو قائد اعظم نے بھرپور سراہا۔ اقلیتوں نے ملکی تعمیر و ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا، تعلیم سمیت دیگر شعبہ جات میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے، اقلیت کا تحفظ ناگزیر ہے کیونکہ قومی جھنڈا جس میں سفید رکن اقلیت کیلئے ہے اس کے بغیر جھنڈا اور پاکستان مکمل نہیں ہوتا۔ جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ دیہاتوں میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا سلوک میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کو سسکتے ہوئے زندگی گزارتے پایا ہے۔ خوف کے باعث لوگ اس ملک کو چھوڑ رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی غلطی کی اصلاح کریں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ برابری کا سلوک کئے بغیر ایک کامیاب ریاست ممکن نہیں۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے 1965 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم یکجا تھی، آج ہمیں ایک بار پھر یکجہتی اور برابری کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ اقلیتوں کے ساتھ بہتر سلوک اب ترقی اور بقاءکی بنیادی شرط ہے۔