بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے فتنہ الخوارج کے سابق ترجمان کی خدمات حاصل کرلیں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو کم کرنے کیلئے بھارت کا بڑا منصوبہ بے نقاب ہوگیا،رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا پاکستانی مسلح افواج کے ہاتھوں آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سرکار اور مسلح افواج تاحال تڑپ رہی ہیں،بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کیلئے فتنہ الخوارج کے سابق ترجمان کی خدمات حاصل کر لیں،سکیورٹی ذرائع نے کہا احسان اللہ احسان نے بھارتی اخبار ”دی سنڈے گارڈین“ میں ایک مضمون لکھا ہے جس میں بے بنیاد دعویٰ کیا گیا ہے پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اندر مزید دو دہشتگردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،بھارتی میڈیا میں اس طرح کی خبریں چلانے کا مقصد کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو ختم کرنے کی ناکام کوشش ہے، حقیقت میں بھارت ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے بعد مزید فالس فلیگ آپریشنز کی تیاری کر رہا ہے،سکیورٹی ذرائع کے مطابق احسان اللہ احسان جو فتنہ الخوارج کا ترجمان رہا ہے کا یہ مضمون بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی دراصل گواہی ہے، اخبار ”سنڈے گارڈین‘ ‘پروپیگنڈہ ٹول کے طور پر بھارتی ایجنسی سے منسلک ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ اخبار کو مالی معاونت فراہم کرتی ہے، مالی اعانت کے بعد اخبار تحریک طالبان اور ان کے حامیوں کو میڈیا اور معلوماتی پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں، اخبار کا مالک کارتیکیہ شرما، مودی کے قریبی ساتھی اور آر ایس ایس کے سخت گیر نظریات کا حامی ہے، ”دی سنڈے گارڈین“کے مرکزی لکھاری ابھی نندن مشرا، احسان اللہ احسان کے فرار کی خبر دینے والے پہلے صحافی تھے جو بھارتی اداروں کی اندرونی مداخلت کو ظاہر کرتا ہے، احسان اللہ احسان فتنہ الخوارج اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ دونوں سے قریبی تعلق رکھتا اور ان کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتا ہے،بھارتی خفیہ ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے معمول کے مطابق مضامین لکھواتی ہیں، احسان اللہ احسان کے ممکنہ طور پر بھارت میں روپوش ہونے کی اطلاع بھارتی ایجنسیوں کے علم میں نہ آنا حیران کن ہے،سکیورٹی ذرائع نے کہا درحقیقت بھارتی ایجنسیاں احسان اللہ احسان کا نام استعمال کرتے ہوئے اپنی ہی جعلی خبریں پھیلا رہی ہیں،دفاعی ماہرین نے کہا احسان اللہ احسان کا مضمون ثابت کرتا ہے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کےساتھ ساتھ دہشتگردی بھی کر رہا ہے، احسان اللہ احسان کا مضمون اس بات کا ثبوت ہے بھارت پاکستان کے ہاتھوں مار کھانے کے باوجود خطے کے امن کا دشمن بنا ہوا ہے، بھارتی ایجنسیاں بھرپور کوششوں کے باوجود دنیا کے سامنے اپنے سرپرست دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی سے انکار نہیں چھپا سکتیں۔