کے پی میں سولر پینل منصوبہ کمیشن مافیا کی نذرہوگیا،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کے پی میں سولر پینل منصوبہ کرپشن ، کمیشن مافیا کی نذر ،حکومتی کارکردگی بیانات اور بڑھکوں تک محدود ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا87ماہ قبل علی امین گنڈاپور نے منصوبے کا اعلان کیا تاہم پی سی ون کی منظوری سے قبل ہی ٹینڈر جاری کر دئیے گئے،منصوبہ مبینہ طور پر 2ارب کمیشن کی نذر ہو چکا ،خیبرپختونخوا میں کوئی بھی عوامی مفاد کا منصوبہ مکمل نہیں ہوتا اور اگر کوئی منصوبہ بن بھی جائے تو حصے وصول کرنےوالوں کی لڑائی کی نذر ہو جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکے پی حکومت کی تمام کارکردگی صرف بیانات ، بڑھکوں تک محدود ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کا پیسہ صرف احتجاجی تحریکوں پر خرچ کیا جا رہا ہے،تبدیلی،سونامی جیسے شگوفوں نے پختونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،کریڈٹ پر صرف وفاق اور پنجاب پر 3 ناکام حملے ہیں،جب تک کے پی حکومت پچھلے فنڈز کا حساب نہیں دیتی وفاق مزید ایک دھیلہ نہ دے۔