پاک بھارت ایٹمی جنگ قریب تھی،پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے، تجارت کرینگے: ٹرمپ

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے، تجارت کریں گے،پاک بھارت جنگ بندی کامیاب بنانے پر سب سے زیادہ سراہا گیا۔

ٹی وی انٹرویو میںڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانیوں کی ذہانت وناقابل یقین حد تک شاندار اشیا تیار کرنے کی صلاحیتوں کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہاپاکستان سے بہت عمدہ بات چیت ہوئی،پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتے کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔

امریکی صدر نے کہابھارت کے معاملے میں تو پریقین تھا تاہم پاکستان سے بھی تجارت پر بات کی گئی، پاکستان کی خواہش ہے امریکہ سے تجارت کرے،پاکستانی ذہین لوگ ،حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں،حیرت ہے اچھے تعلقات ہونے کے باوجود امریکہ پاکستان سے زیادہ تجارت نہیں کرتا۔

صدر ٹرمپ نے کہا پاکستان ، بھارت کوئی چھوٹی موٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں ملک ایک دوسرے سے سخت ناراض ، ادلے کا بدلہ ہورہا تھا،دونوں ملک زیادہ سے زیادہ قوت سے حملہ آور ہورہے تھے اور بات نیوکلیئر ہتھیاروں تک جاپہنچتی،بہت سی وجوہات کے سبب نیوکلیئر جنگ کا تو لفظ ہی غلیظ ہے، بدنما ترین چیز کبھی رونما ہوسکتی ہے۔

امریکی صدر نے کہا پاکستان بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کسی بھی لمحے ہونے کو تھی اب دونوں فریق خوش ہیں،اپنے اہلکاروں سے کہا پاکستان ،بھارت کو ٹیلی فون کرکے تجارت ،ملاقاتوں کا آغاز کریں، فریقوں سے کہا تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے،تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن قائم کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، وعدوں پر عمل کرنے والا شخص ہوں،خارجہ پالیسی امور میں پاک بھارت جنگ بندی کامیاب بنانے پر سب سے زیادہ سراہا گیا۔

ٹرمپ نے کہابھارت دنیا میں وہ ملک جو سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، دوسروں کیلئے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا تاہم اب بھارت بھی امریکہ کےساتھ ٹیرف 100 فیصد کم کرنے پر تیار ہے،پاکستان نے جنگ کی بجائے تجارت کو ترجیح دے کر عالمی قیادت ثابت کردی۔