مخصوص پوائنٹس کےعلاوہ قربانی کرنے پر مکمل پابندی ہوگی: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پی ایچ اے کو شہر کی گرین بیلٹس میں پودے لگانے اور چوراہوں میں لگے مانومنٹس پر خوبصورت لائٹس لگانے کی ہدایت کردی، شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام کو عیدالاضحی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرنے اور اجتماعی قربانی کے لئے مختص پوائنٹس پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص پوائنٹس کے علاوہ کسی جگہ پر قربانی کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ پسپ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ جی ٹی روڈ، کالج روڈ اور آڑاتلہ روڈ پر جاری کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور ملبہ بھی ساتھ ساتھ اٹھایا جائے۔