قوم کو تاریخی فتح مبارک،دنیا کو سمجھا دیا ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے،مریم نواز
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)آپریشن بنیان مرصوص پروزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاک فوج کےلئے اعزاز و افتخار کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا دن کی روشنی میں دیا گیا ،جواب تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائےگا، پاک سرزمین کے سپاہیو! تم پر سلام ، تمہارے جذبے کو سلام اور تمہاری غیرت کو سلام۔
مریم نوازنے کہاسلام ہے ان محافظوں کو جنہوں نے صرف گولی نہیںبلکہ غیرت، حکمت و شجاعت سے جواب دیا،آپریشن بنیان مرصوص جوابی کارروائی نہیں، تاریخی اعلان ہے کہ ہم کمزور نہیں، امن کےلئے خاموش تھے جب دشمن نے حدپار کی تو پاکستان نے صبر کو حکمت میں بدلااور کڑی ضرب دی۔
وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان کاایک ایک سپاہی مادر وطن کے تحفظ کی قسم کھا کر زندہ ہے، امن کے خواہاں ضرورہیں مگر جارحیت کا جواب خاموشی نہیں، ضرب ہوتا ہے،پاکستان کی سرحدیں صرف خاردار تاروں نہیں، شہیدوں کے لہو سے محفوظ ہیں۔
مریم نواز نے کہا پاکستان جیت گیا! وزیر اعظم شہباز شریف، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور نواز شریف نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،دنیا کو سمجھا دیا دفاع ناقابل تسخیر ،پاکستان محفوظ اور محب وطن ہاتھوں میں ہے، قوم کو فتح مبارک، پاکستان زندہ باد۔
















