کچرے کے ڈھیر نااہلی، افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکا صبح سویرے شہر کا تفصیلی دورہ۔ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار ناراضگی، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر انتظامی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کوئی سپروائزر نظر نہیں آیاجو صفائی کروائے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری سٹاف کی حاضری روزانہ کی بنیاد پر چیک کی جائے اور شہر میں عارضی ڈمپنگ سائٹس کو جلد بنایا جائے تاکہ جمع ہونے والے کوڑے کو ٹھکانے لگایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران باہمی رابطے کو بہتر کریں تاکہ صفائی پر توجہ دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات دور کرنے کا بھی میکانزم ترتیب دیا جائے اور عوامی شکایات کو فوری حل کیا جائے۔ کمشنر سا ہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے صدر بازار اور پاکپتن بازار کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں بازاروں میں زیر تعمیر ڈرینز کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینز کے کام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔دوسری طرف ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی اور اختر حمید خان فاونڈیشن کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔ دستخط کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتخار علی اور فاونڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عائشہ خان نے کئے جس کے تحت فاونڈیشن ساہیوال شہر کے علاقے بھٹونگر میں فضلہ ٹھکانے لگانے، صفائی کو بہتر کرنے اور علاقے کی عمومی بہتری کیلئے رہائشیوں کو تربیت فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ اختر حمید خان فاونڈیشن ملک میں سماجی خدمات فراہم کرنے والی ایک بڑی تنظیم ہے جو عوام کو معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تربیت بھی دیتی ہے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے دونوں اداروں کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے ساہیوال کے پسماندہ علاقے بھٹونگر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہوگی اور عوام کو بھی اپنے گھروں اور محلوں میں صفائی رکھنے کی تربیت ملے گی۔ دونوں اداروں کے درمیان اس معاہدے کی معیاد 2سال ہے۔