لاہور (سٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اوقاف خیبر پختونخوا مولانا امان اللہ حقانی نے گزشتہ روز روزنامہ ”مشرق“ کے مرکزی دفتر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے ایڈیٹوریل بورڈ اور سینئر صحافیوں سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے مشرق کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”مشرق“ ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کرتا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام کی ایک بڑی تعداد اس ادارے پر اعتماد رکھتی ہے۔ گفتگو کے دوران سابق وزیر نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں۔ بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا عالمی ضمیر کیلئے چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی سطح پر فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کرے اور عالمی اداروں میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کرے۔ اس موقع پر انہوں نے علماءکرام اور مذہبی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ جمعة المبارک کو فلسطینی عوام سے یکجہتی کے طور پر منائیں اور خصوصی دعاو¿ں کا اہتمام کریں۔ آخر میں انہوں نے روزنامہ ”مشرق“ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ مشرق نے غزہ کے حوالے سے جمعیت علما اسلام کے زیراہتمام مینار پاکستان کے مقام پر منعقدہ امن کانفرنس کو خصوصی کوریج دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشرق مستقبل میں بھی مظلوم اقوام کی آواز بنتا رہیگا۔
اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم انسانیت کیخلاف سنگین جرم ہیں :مولانا امان اللہ حقانی
















