ن لیگ ،پیپلز پارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کاملکر چلنے کافیصلہ

لاہور:(سٹاف رپورٹر) (ن) لیگ ،پیپلز پارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کی5ویں بیٹھک،پنجاب میں پاور شیئرنگ پرہونیوالی پیشرفت پر تبادلہ خیال ، ملکی حالات کے پیش نظر اکٹھے چلنے پر اتفاق کیا گیا۔

گورنر ہائوس میں ہونیوالے اجلاس میں رانا ثنا،ملک احمد خان،مریم اورنگزیب،سردار سلیم حیدر ، ندیم افضل چن، حسن مرتضیٰ اور علی حیدرگیلانی نے شرکت کی،پنجاب میں پاور شیئرنگ پر ہونیوالی پیشرفت پر تبادلہ خیال، سب کمیٹی کی ملاقاتوں میں ہونے والے فیصلوں پر مشاورت کی گئی۔

بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے ہمراہ صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے اسمبلی میں پیش کیے گئے بلدیاتی بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ،ملکی حالات کے پیش نظر ساتھ چلنے پر اتفاق ہوا، امید ہے مزید آگے بڑھیں گے، پانی کی تقسیم ارسا طے کرتا ہے، کینالز کا معاملہ تکنیکی ہے ،تکنیکی بنیاد پر ہی دیکھنا چاہیے،گفتگو کے بعد بہتر راستہ نکلے گا۔

ملک احمد خان نے کہا ارسا میں پانی کی تقسیم کا معاملہ طے ہے جس پر سب کا اتفاق ہے، سندھ کا حق ہے اپنے پانی کی حفاظت کرے،سندھ ،پنجاب کے درمیان پانی معاملات پر ڈیٹا کے مطابق بات کریں گے،مقامی سطح پر عوامی نمائندوں کو اختیار ملنا چاہیے، پیپلزپارٹی بھی چاہتی ہے پنجاب میں اچھی گورننس ہو۔