لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کا ایک بھی محکمہ رواں مالی سال میں ترقیاتی اہداف حاصل نہیں کر سکا، فنانشل رپورٹ نے کارکردگی کا پول کھول دیا۔ صوبائی اسمبلی میں پوسٹ بجٹ بحث کیلئے رواں مالی سال کے تیسرے کوارٹر کی فنانشل رپورٹ نے سرکاری محکموں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی جس کے مطابق پنجاب کا ایک بھی سرکاری محکمہ رواں مالی سال کے تیسرے کوارٹر کے طے شدہ اہداف حاصل نہیں کرسکا۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے تیسرے کوارٹر کیلئے مجموعی طور پر 488 ارب 43 کروڑ روپے جاری کئے تاہم رواں مالی سال کے تیسرے کوارٹر تک مجموعی طور پر 355 ارب 43 کروڑ روپے خرچ کئے جاسکے۔ محکمہ زراعت کو 3 ارب روپے کا بجٹ ملا لیکن ایک ارب 21 کروڑ روپے خرچ ہوسکے۔ اسی طرح بورڈ آف ریونیو کو 30 ارب 50 کروڑ روپے کا بجٹ ملا تاہم 4 ارب 79 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو 4 ارب 62 کروڑ روپے جاری کئے گئے لیکن 2 ارب 91 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ علاوہ ازیں محکمہ تعلیم کو 4 ارب 62 کروڑ روپے جاری کئے گئے لیکن2 ارب 91 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ محکمہ خزانہ کو 2 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ ملے لیکن 1 ارب 33 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ محکمہ جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری کو 324 ارب 24 کروڑ روپے جاری کیے گئے جبکہ 296 ارب 4 کروڑ روپے خرچ کئے۔ اسی طرح محکمہ صحت کو ایک ارب 98 کروڑ روپے جاری ہوئے لیکن ایک ارب 26 کروڑ روپے کئے گئے۔ محکمہ داخلہ کو 25 ارب 50 کروڑ روپے دیے گئے لیکن 2 ارب 18 کروڑ روپے ہی خرچ ہوئے جبکہ محکمہ ہاوسنگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو 1 ارب 22 کروڑ روپے ملے جبکہ 67 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کو 1 ارب 64 کروڑ روپے جبکہ 27 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ محکمہ آبپاشی کو 19 ارب 50 کروڑ روپے ملے لیکن 5 ارب 85 کروڑ روپے خرچ ہوسکے اور محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کو ایک ارب 97 کروڑ روپے ملے لیکن 93 کروڑ روپے خرچ کئے جاسکے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کو 1 ارب 41 کروڑ روپے ملے لیکن ایک ارب روپےخرچ ہوسکے۔ محکمہ معدنیات و کان کنی کو 31 ارب روپے ملے لیکن 12 ارب 6 کروڑ روپے خرچ ہوسکے۔ محکمہ پولیس کو 16 ارب 25 کروڑ روپے ملے لیکن 13 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متفرق مدات میں 24 ارب 17 کروڑ روپے جاری کئے گئے لیکن 7 ارب 65 کروڑ روپے خرچ کئے جاسکے۔
پنجاب کا کوئی بھی محکمہ اپنے ترقیاتی اہداف حاصل نہیں کر سکا، فنانشل رپورٹ

















