ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں نئے سیوریج سسٹم کے فنکشنل ہونے کے بعد پرانی سیوریج لائنز کو بھی برقرار رکھنے کی ہدایت کردی، متبادل سیوریج سسٹم کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، پسپ حکام کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت واٹر سپلائی کے منصوبے کے تحت نئے لگائے گئے ٹیوب ویلز کو چلانے کیلئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو متعلقہ محکموں میں کوارڈینیشن کو یقینی بنائے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اندرون جی ٹی روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کے بعد سڑک کو لیول کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ہائی وے سے رابطہ رکھا جائے تاکہ بعدازاں اندرون جی ٹی روڈ کی کارپٹنگ میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو۔ اس سے پہلے انہوں نے صدر بازار، پاکپتن بازار، جوگی چوک اور ٹینکی چوک کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاکپتن بازار، صدر بازار اور ٹینکی چوک میں ٹف ٹائل لگانے اور جوگی چوک میں ڈرین بنانے کے کام کو تیز کرنے اور ٹینکی چوک میں ٹائل لگانے کا کام مکمل ہونے کے بعد تمام ریڑھیاں وہاں شفٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے یونیورسٹی چوک کی کارپیٹنگ کے جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
شہر میں متبادل سیوریج سسٹم کو ہر صورت برقرار رکھا جائے: کمشنر ساہیوال
















