تمام محکمے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے ذمہ داریاں ادا کریں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا رات گئے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، مختلف بازاروں کی صفائی، الیکٹرک و ٹیلی فون پولز کی منتقلی، ڈرینز کی تعمیر اور بازاروں کی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال رانا اورنگزیب،چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تین گھنٹے تک پاکپتن بازار، صدربازار، شربت بازار، جناح چوک، فرنیچر بازار اور ملحقہ علاقوں کے بازاروں صفائی، الیکٹرک و ٹیلی فونز کے پولزکی منتقلی، ڈرینز کی صفائی اور خوبصورتی میں اضافے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ بازار میں ڈرین کی لیولنگ اور پارکنگ کی تعمیر کے حوالے سے ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے سٹی بند روڈ کی ڈرین کی صفائی کرنے اور اسے فوری فنگشنل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سٹی بند روڈ کے تمام دکانداروں کو تھڑے وغیرہ گرانے کی ہدایت کی تاکہ لیولنگ کا کام شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے مشن چوک کے ساتھ تمام انسٹالیشن کی لیولنگ کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران انہوں نے مختلف بازاروں میں ٹف ٹائل لگانے کا بھی جائزہ لیا۔ قبل ازیں کمشنر شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن آفس میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل حکام کو انسٹالیشن پیچھے لے جانے اور بازاروں میں دیواروں کے ساتھ میٹر انسٹال کرنے کی ہدایت کی۔