ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ، شہر میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا، جاری منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے اور معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ پاکپتن روڈ پر زیرتعمیر منڈیوں کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ ایکسین بلڈنگ فتح وٹو، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد زبیر، سٹی منیجر پسپ اسجد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ شہر سے منڈیوں کی باہر منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے جہاں شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہوگی وہاں ٹریفک کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اورمنڈیوں کی منتقلی میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ بعدازاں انہوں نے جوگی چوک میں زیر تعمیر ڈرین کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پاکپتن بازار کو ماڈل بازار بنانے کے حوالے سے جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پاکپتن بازار شہر کے مصروف ترین بازاروں میں سے ایک ہے اس لئے جاری کام کو جلد ختم کیا جائے تاکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بازار سے الیکٹرک پولز، پی ٹی سی ایل اور انٹرنیٹ کیبلز کو فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دوکاندار بازاروں میں دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ٹینکی چوک اور صدر چوک میں بنائے جانے والےرکشہ سٹینڈز کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شہر سے منڈیوں کی باہر منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے: کمشنر ساہیوال
















