شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر، مسلم لیگ نے پاکستان بنایا وہی سنوار رہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے مسلم لیگ نے پاکستان بنایا وہی سنوار رہی ہے،یوم پاکستان پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا یوم پاکستان ایک نئی سوچ، نئے حوصلے اور جذبے کا نام ہے، 23 مارچ ہمیں دنیا میں منفرد اور عظیم قوم بننے کی یاد دلاتا ہے، 23 مارچ 1940 کو جس الگ وطن کیلئے عہد کیا گیا وہ اقوام عالم میں آج ایک روشن ستارے کی طرح چمک رہا ہے،مسلم لیگ نے پاکستان بنایا مسلم لیگ ہی اس کو سنوار رہی ہے، قائد اور اقبال کا پاکستان آج نوازشریف کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، آج پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے، عالم اسلام میں پاکستان اپنی منفرد اور الگ پہچان رکھتا ہے، پاکستان آگے بڑھنے کیلئے بنا تھا اس نے آگے ہی بڑھنا ہے، تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کا قلع قمع کرتے ہوئے عظیم قوم نے خوشحالی کا سفر طے کرنا ہے، ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے افواج پاکستان کی ناقابل فراموش خدمات ہیں،صوبائی وزیر نے مزید کہا ارض پاک کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءقوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، قوم اپنے عظیم شہداءکی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، ہمارے شہداءاور غازی ہمارے ہیروز ہیں۔