آلودگی میں کمی کیلئے گرین بیلٹس میں پودے لگائے جائیں:شعیب اقبال سید

ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہاملک کو سرسبزبنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلئے شہری اپنے حصے کا پودا ضرورلگائیں، ایک ذمہ دار شہری کا فرض ہے وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے اور درخت لگانا سب سے آسان ذمہ داری ہے، درخت نہ صرف انسانی بقاءمیں اہم کردار کے حامل ہیں بلکہ یہ ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پلانٹ فار پاکستان ڈے کی مناسبت سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں پودے لگانے اور پی ایچ اے آفس میں عوام کو پودے تقسیم کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف بھٹی، ڈائریکٹر پی ایچ اے نیاز احمد مغل، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، پرنسپل پروفیسر ممتاز احمد، اساتذ ہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کالج میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کےساتھ ”السٹونیا“کا پودا لگایا،کمشنر نے طلبہ و طالبات پر زور دیا وہ اپنے لگائے گئے پودوں کی خود حفاظت بھی کریں تاکہ جب یہ پودے درخت بن جائیں تو انہیں گرین پاکستان مہم میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر محسوس ہو، انہوں نے ڈویژن کے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی حفاظت کی بھی ہدایت کی، بعدازاں انہوں نے پی ایچ اے آفس میں عام شہریوں کو پودے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارکوں کی تزئین و آرائش اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کےلئے پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئےہدایت کی موسم بہار کی شجرکاری کے موقع پر گرین بیلٹس میں ایسے پودے لگائے جائیں جن سے ماحول بہتر ہو اور آلودگی میں کمی آئے۔