مسلسل سفارتی غلطیوں سے پاک امریکہ تعلقات تناﺅ کا شکار، پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت

واشنگٹن (خواجہ فاروق) حالیہ دنوں میں ہونیوالے کچھ غیرمعمولی واقعات نے پاکستان، امریکہ تعلقات پر گہرے سائے ڈال دئیے ہیں اور پاکستانی سفارتی حکام کی غلطیوں نے اسلام آباد اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ایک حیران کن واقعہ میں ترکمانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کے کے واہگن کو لاس اینجلس ائرپورٹ پر امریکی امیگریشن حکام نے حراست میں لیکر ملک بدر کر دیا۔ یہ غیر معمولی کارروائی پاکستان کیلئے ایک سنگین سفارتی شرمندگی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان کی سفارتی پالیسیوں کے موثر ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔دوسری طرف اسی دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کو بھی اہم سفارتی معاملات میں انکے موقف کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ انکا یہ بیان کہ پاکستان طالبان کی پالیسی پر اثر انداز ہو سکتا ہے، خاص طور پر تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات کا باعث بنا ہے جبکہ حقیقت میں طالبان کی جانب سے ٹی ٹی پی کے عناصر کو پناہ دینے سے علاقائی سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جس سے منیر اکرم کے دعوے پر مزید سوالات اٹھ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی ناقص کارکردگی نے واشنگٹن میں پاکستان کی سفارتی ساکھ پر شدید سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ موثر سفارتی روابط قائم کرنے، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تجارت، سکیورٹی اور علاقائی استحکام جیسے اہم امور پر توجہ دینے کے بجائے اطلاعات کے مطابق وہ صرف سفری الاونسز کے غلط استعمال میں مصروف رہے ہیں۔ اس عدم توجہی اور کمزور سفارتی حکمت عملی کے نتیجے میں امریکہ میں پاکستان کی پوزیشن مزید کمزور ہو رہی ہے جس سے اعتماد کی کمی، پالیسی سازی کے حلقوں میں اثر و رسوخ کی کمی اور ایک اہم سفارتی عہدے پر قیادت کا فقدان واضح ہو رہا ہے۔ پہلے سے ہی مشکلات کا شکار پاکستان، امریکہ تعلقات ایسی سفارتی ناکامیوں کی وجہ سے مزید متاثر ہو سکتے ہیں اور اگر اس صورتحال کو فوری طور پر درست نہ کیا گیا تو پاکستان واشنگٹن میں اپنی ساکھ مزید خراب کرسکتا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ تمام سفارتی غلطیاں ایک ایسے نازک وقت میں سامنے آئی ہیں جب پاکستان، امریکہ احتیاط سے متوازن ہو رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کیا تھا لیکن یہ واقعات ان تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ ایک پاکستانی سفارتکار کی ملک بدری اور اقوام متحدہ کے مندوب کے متنازعہ بیانات کو سفارتی بدانتظامی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید کشیدہ کر سکتا ہے۔اس تمام تر صورتحال میں ضروری ہے کہ اسلام آباد کو اپنی سفارتی حکمت عملیوں کا ازسرنو جائزہ لینے اور انہیں بین الاقوامی اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو پاکستان نہ صرف امریکہ بلکہ دیگر اہم عالمی شراکت داروں کے ساتھ بھی اپنے تعلقات مزید خراب کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی تعلقات پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔