کوئٹہ،راولپنڈی(بیورورپورٹ)بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ،متعدد مسافر شہید،سکیورٹی فورسز کاآپریشن،کئی یرغمالی بازیاب،16دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
صبح ساڑھے 9 بجے کوئٹہ سے روانہ ہونےوالی ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزری تو دہشتگردوںنے فائرنگ کردی،ڈرائیور سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے،دہشتگردوں نے ٹرین کو ٹنل میں روک کرمسافروں کو یرغمال بنایا۔
ذرائع کے مطابق پہلے ٹریک پر دھماکہ کیا گیا پھر ٹرین پر فائرنگ ہوئی ،سکیورٹی اہلکاروں ، ٹرین پر فائرنگ کرنے والے دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا،عینی شاہدین ، لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان پیش آیا ،فائرنگ کی آوازیں کافی دیر تک آتی رہیں،سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کے دوران خواتین،بچوں سمیت کئی مسافروں کو بازیاب کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام مسافروں کی با حفاظت رہائی کےلئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ،مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،بولان پاس ڈھاڈر کے مقام پر کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کیا،ٹرین کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا،انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا،دہشتگردوں کےخلاف آپریشن میں 4 گن شپ ہیلی کاپٹرز بھی شامل رہے،وقفے وقفے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فائرنگ کی گئی،معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا واضح کرتا ہے دہشتگردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا اور حکومت واقعہ پر کھل کر جشن منارہے ہیں ،میڈیا بھرپور انداز میں حملے کی رپورٹنگ کر تارہا،بھارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بی ایل اے کے پروپیگنڈے ،جعلی خبروں کو ہوا دینے میں مصروف رہے ،بزدلانہ حملے کے پیچھے بھارت کی مکمل پشت پناہی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،پروپیگنڈا اور فیک نیوز پھیلانے میں پرانی ، اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز، پرانی تصاویر، فیک واٹس ایپ پیغامات ، پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی،دہشتگردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاونٹس بھی پاکستان مخالف زہر اگلنے میں بھارتی میڈیا کا بھرپور ساتھ دیتے رہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والے کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردافغانستان ،بھارتی و دیگر غیر ملکی آقاوں سے رابطے میں رہے،بھارتی میڈیا پاکستان سے باہر بیٹھے خود ساختہ بھگوڑے بلوچ رہنماوں کے تجزئیے دکھا کر لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے، عوام سوشل میڈیا پر پھیلائے جانےوالے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا کی بجائے مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر اکتفا کریں،ادھر جعفر ایکسپریس واقعہ کے بعد مسافروں کی معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کرکے پشاور اور کوئٹہ سے جانے والی ٹرینوں کو سبی کے مقام پر روک دیا گیا ۔
بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ،متعدد مسافر شہید،سکیورٹی فورسز کاآپریشن،کئی یرغمالی بازیاب، 16دہشتگرد ہلاک
















