والڈ سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام اوچ شریف میں مزارات کے تحفظ، اپ گریڈیشن کا آغاز

لاہور (خبرنگار) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے اوچ شریف ضلع بہاولپور میں مزارات کے تحفظ اور اَپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے صوفی گزرگاہ/زیارات کی گزرگاہ ، پروجیکٹ کے تحت اوچ شریف میں اہم مزارات کے تحفظ اور اَپ گریڈیشن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم اقدام کا مقصد خطے کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو بحال کرنا، رسائی کو بہتر بنانا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سات مقدس مزارات کے تحفظ پر توجہ دی جا رہی ہے جن میں حضرت جلال الدین سرخ پوش بخاری، حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت، حضرت بدر الدین نقوی، حضرت فضل الدین لاڈلہ، مسجد حاجات، حضرت راجن قتال اور حضرت محبوب سبحانی شامل ہیں۔ مرمت و بحالی کے کاموںمیں چھتوں کی بحالی، واٹر پروفنگ، لکڑی کے کام، سطح کی درستگی، فرش کی بہتری، برقی نظام کی تنصیب اور روشنی کے موثر انتظامات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں حضرت بدر الدین نقوی اور حضرت فضل الدین لاڈلہ کے مزارات کو ساختی استحکام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدوں اور پناہ گاہوں کی ازسرِنو تعمیر بھی کی جائیگی۔ مزارات کی بحالی کے علاوہ اس منصوبے کا مقصد یاتریوں کیلئے بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا بھی ہے۔ اس میں داخلی دروازوں، پارکنگ ایریاز، سیاحتی سہولت مرکز، بیت الخلائ، وضو کے مقامات اور پینے کے پانی کی فراہمی شامل ہے۔ مزارات کی طرف جانے والی گلیوں کی سطح کو بہتر بنایا جائیگا اور سیاحوں کی رہنمائی کیلئے رہنما تختیاں نصب کی جائیں گی۔مزید برآں اس منصوبے میں زیرزمین سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کی تنصیب، زائرین کیلئے بیٹھنے کی سہولت اور معتقدین کے راستے پر روشنی کے انتظامات شامل ہیں تاکہ زائرین کو محفوظ اور آرام دہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا ان تاریخی مزارات کا تحفظ محض ان کی بحالی تک محدود نہیں، بلکہ یہ ا±وچ شریف کی روحانی اور ثقافتی میراث کو زندہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہمارا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا، زائرین کو جدید سہولیات فراہم کرنا اور مقامی کاریگروں کیلئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ یہ منصوبہ ہمارے ورثے کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے تاکہ اسے دنیا کیلئے مزید قابل رسائی بنایا جاسکے۔ مرمت و بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام باضابطہ طور پر 28 جنوری 2025ءکو شروع ہوا اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ ا±وچ شریف کو ایک اہم مذہبی اور ثقافتی مقام کے طور پر فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرےگا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی پاکستان کے تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے کہ یہ مقامات آنے والی نسلوں کیلئے بھی اپنی عظمت برقرار رکھ سکیں۔