افغانستان دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ، فوج سیسہ پلائی دیوار،عوام کی حفاظت یقینی بنائیں گے:آرمی چیف


راولپنڈی: (بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، عوام کی حفاظت یقینی بنائیں گے،بنوں میں ہونےوالے گھناونے حملے کے منصوبہ سازوں ، سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائےگا ،مسلح افواج عوام کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، سکیورٹی صورتحال ،جاری آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،جنرل سید عاصم منیر نے کنٹونمنٹ پر دہشتگرد حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا،سی ایم ایچ میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی ،مستقل مزاجی ،غیر متزلزل عزم کو سراہا، زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے اور عزم کی تعریف کی،حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے اہلخانہ سے گہرے افسوس ، تعزیت کا اظہارکیا۔

آرمی چیف نے کہافوج ریاست کی سلامتی اور استحکام یقینی بنانے کےلئے دہشتگردی کےخلاف ڈھال بنی رہے گی،حملے کے مرتکب دہشتگردوں کو بہادر جوانوں نے فوری طورپرانجام تک پہنچا دیا، گھناونے حملے کے منصوبہ سازوں اورسہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا چاہے وہ کہیں بھی ہوں،جنرل سید عاصم منیر نے قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاخواتین، بچوں، بزرگوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اسلام دشمن خوارج کے اصل عزائم کوبے نقاب کرتا ہے، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں مقامی کیمونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے بہادری کو سراہا اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر فوری اور موثر ردعمل کی تعریف کی،سربراہ پاک فو ج نے کہاخوارج ،سہولت کاروں کےخلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی، خوارج دشمن عناصر کے اشارے پر کام کر رہے ہیں، دہشتگرد گروہ بشمول فتنہ الخوارج افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف کارروائیاں کر رہے ہیں،حالیہ دہشتگرد حملوں میں غیرملکی ہتھیاروں ، سازوسامان کا استعمال ثبوت افغانستان دہشتگرد عناصر کی محفوظ پناہ گاہ ہے،ملکی امن و استحکام خراب کرنے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جائےگی۔