سڑکوں پر کھڑے پانی کی نکاسی اور صفائی کو یقینی بنایا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا سحری کے بعد جوگی چوک، عیسیٰ نگری، جناح چوک اور کربلا روڈ کا دورہ، صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، سڑکوں پر کھڑے پانی کو فوری ختم کروایا جائے اور صفائی کی جائے، کمشنر کی میونسپل کارپوریشن حکام کو ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر شعیب اقبال سید نے جوگی چوک، عیسیٰ نگری، جناح چوک اور کربلا روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے نیازی پل کے اردگرد کوڑا جمع ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کھڑے پانی کی نکاسی کی جائے اور صفائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے جوگی چوک اور ملحقہ علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے زیر تعمیر ڈرینج کے کام کا بھی جائزہ لیا اور اسے جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے گرلز کالج روڈ اور مور والا چوک سے تجاوزات کے فوری خاتمہ کے لئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران بازاروں سے ہٹائی جانے والی ریڑھیوں کے لئے ٹینکی چوک میں جگہ مختص کی جائے اور ریڑھیوں کی رجسٹریشن شروع کی جائے۔ انہوں نے دوکانوں کے کرایوں کی ریکوری بھی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔