ٹرمپ نے نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کو معافی دیدی

نیویارک (بیورو رپورٹ) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹی نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کو سٹی کو درپیش امیگریشن کے مسائل حل کرنے کی بنا پرصدارتی معافی دیدی ہے جس کے بعد انکی قانونی ٹیم نے عدالت میں معافی نامہ کے کاغذات جمع کروا دئیے ۔اس فیصلے نے پورے ملک میں بحث چھیڑ دی ہے اورنیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کے درمیان بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، خاص طور پر ایک متنازعہ پاکستانی، امریکن شخصیت، بدنام زمانہ احسن چغتائی کے دوبارہ سرگرم ہونے کے حوالے سے بھی کمیونٹی میں تشویش پائی جاتی ہے۔احسن چغتائی جو میئر ایڈمز کے سابق مشیررہ چکے ہیں، پر طویل عرصے سے اس کے غلط کاموں کی منصوبہ بندی اور میئر کے ساتھ اپنے تعلق کو ذاتی فائدے کرپشن کیلئے استعمال کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ انکی بدنامی اس وقت اور بڑھ گئی جب یہ انکشاف ہوا کہ انہوں نے اپنے والد شفقت چغتائی کو امریکہ سے ڈی پورٹ کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔میئر ایڈمز کی صدارتی معافی کے بعداحسن چغتائی اور انکے کچھ ساتھیوں نے استعفیٰ دیدیا یا انہیں نوکریوں سے برطرف کر دیا گیا تاہم میئر کے الزامات سے بری ہونے کے بعد چغتائی ایک بار پھر اپنی سرگرمیاں شروع کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس نے کمیونٹی میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ کمیونٹی ارکان کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک چغتائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو استعمال کرنے اور جھوٹے الزامات کے ذریعے لوگوں پر جھوٹے مقدمے بنانے اور شہریوں کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت دیتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ”حجاب ڈے“کے نام سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بتایا جاتا ہے کہ احسن چغتائی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔ پروگرام پر خرچ آنے والے اخراجات احسن چغتائی اور راجہ آزاد گل نے ادا کئے جس میں پاکستانی ، امریکن دو این وائی پی ڈی افسران، عبدالوحید اور رانا عدیل نے بھی خصوصی طور پر تقریب میں شرکت اور خطاب کیا ۔ پاکستانی کمیونٹی نے صدر ٹرمپ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ چغتائی کی سرگرمیوں کی تحقیقات کریں اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ انکا کہنا ہے کہ ان کی موجودگی اور مبینہ اسکے کام کمیونٹی اور شہر کی سالمیت کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں۔