مقامی صنعتوں کو فروغ دے کر ہی اقتصادی ترقی ممکن ہے : سپیکر پنجاب اسمبلی
ساہیوال (چوہدری اشرف سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ مقامی صنعتوں کو فروغ دے کر ہی ملک کی اقتصادی ترقی ممکن ہے اور پنجاب حکومت صنعتوں کے قیام کیلئے تمام سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو ڈیسک کے قیام سے صنعتکاروں کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال چیمبر کے زیر اہتمام صنعتی نمائش کے دورے کے موقع پر کیا جہاں وہ مہمان خصوصی تھے۔ صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم، ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم، ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے انکا استقبال کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نمائش میں لگائے گئے تمام سٹالز پر گئے اور سٹالز پر رکھی گئی چیزوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن کا زرخیز خطہ ملک کا فوڈ باسکٹ ہے اور ایگروانڈسٹری کے قیام سے خطہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال چیمبر مقامی صنعت کاروں کو مناسب رہنمائی فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کاروباری افراد کے ہاتھ میں ہے اور ملک کی ترقی ملک کے سیاسی استحکام سے جڑی ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ قوم فیصلہ کرے کہ کون ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے اور کون ترقی چاہتا ہے۔ صدرساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم کی طرف سے نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا مطالبہ پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ شیخ عظمت سلیم نے کہا کہ مقامی صنعتکار انڈسٹریل سٹیٹ نہ ہونے کی وجہ سے صنعتیں قائم نہیں کرپا رہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کیلئے انقلابی اقدامات اور منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور ستھرا پنجاب بھی بہت بڑا پروگرام ہے جس سے دیہات بھی صاف ہونگے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے صفائی بہتر بنانے میں مدد کریں۔
















