شاندار پنجاب، میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغاز،پوری دنیا کو مہمان بنائیں گے‘مریم نواز

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے میگنی فیشنٹ پنجاب (شاندار پنجاب) میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغاز کر دیا ،پنجاب کو تہذیب و سیاحت کا ریجنل و انٹرنیشنل مرکز بنایا جائے گا،170 تاریخی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکزمیں تبدیل کرنے کیلئے تمام تاریخی مقامات کی میپنگ مکمل کرلی گئی، فہرست میں 101 گردوارے اور 53 گرجا گھر بھی شامل ہیں، سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں 5 ماہ کی محنت سے وزیراعلیٰ مریم نوازکے ویژن کو عملی شکل دی گئی۔

پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی قائم کرنے کے فیصلے کی باضابطہ منظوری کےلئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی، تاریخ، ورثہ اور سیاحت سے متعلق تمام ادارے اتھارٹی کے ماتحت ہوں گے، منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کےلئے پہلی بار پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2024 بھی لاگو کر دیا گیا ،مریم نوازنے پنجاب کے تاریخی مقامات کی 3مراحل میں بحالی کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا اور جولائی تک ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے 16 سیاحتی منصوبوں کے پی سی ون کی فوری تیاری اور مری کی بانسرا گلی میں ٹورسٹ ویلیج و پارکس تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تاریخی شہر ٹیکسلا کو انٹرنیشنل ”ٹورسٹ سٹی“ بنانے اور سوئٹزرلینڈ کی طرز پر چھانگا مانگاکو جدید تفریح گاہ بنانے کی منظوری دیدی۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں ٹورازم بحالی پروگرام کے ذریعے پنجاب کو بہترین ٹورازم ڈیسٹی نیشن بنائیں گے،پنجاب کو ٹورازم کا ہب بنا کر پوری دنیا کومہمان بنائیں گے اور5دریاوں کی دھرتی کے تہذیبی رنگ دکھائیں گے، برصغیر میں اناج کا گھر کہلا نے والا پنجاب دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی روحانی تسکین کا گہوارہ بھی ہے، سیاحت کے فروغ سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی، پنجاب ، پاکستان کا عالمی امیج دنیا میں نئی شان سے چمکے گا۔