جہاز گراﺅنڈ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں ہونگی :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میپکو نے شہر کے بازاروں سے کھمبوں اور لٹکتی تاروں کو شفٹ کرنے کا کام شروع کردیا ہے جس سے مستقبل میں ان بازاروں میں تجاوزات دوبارہ قائم نہیں ہو سکیں گی۔کھمبوں کی شفٹنگ کے بعد پاکپتن بازار اور صدر بازار کو ماڈل بازار بناکر ان میں دن کے اوقات میں گاڑیوں کا داخلہ بھی روک دیا جائیگا۔کمشنر نے اس اہم کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور اس سلسلے میں تاجروں کا تعاون حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اندرون سوڑی گلی اور کمپری ہنسو سکول چوک سے بھی تجاوزات گرانے کی ہدایت کی۔چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے اجلاس کو بتایا کہ جہاز گراونڈ میں تجاوزات گرائی جا رہی ہیں جس کے بعد باقی شہری علاقوں میں بھی کارروائی کی جائیگی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے صبح سویرے ہائی سٹریٹ کے دوکانداروں کی طرف سے سڑک پر پانی کے بے بہاﺅ چھڑکاو پر ناراضگی کا اظہار کیا جس سے نئی بنی ہوئی سڑک خراب ہونے کا خدشہ ہے اور چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ تاجروں کو سڑک پر پانی بہانے سے سختی سے منع کیا جائے۔انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔