اسلام آباد (مشرق نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان کا 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم ہاو¿س آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، مہمان صدر کیلئے پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو سلامی پیش کی جبکہ پاک فضائیہ کے دستے نے فضائی استقبال کیا۔
2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ایوان وزیراعظم آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمان صدر کو سلامی کے چبوترے پر لایا گیا جہاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کی، مہمان صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے جنہوں نے مہمان صدر سے مصافحہ بھی کیا۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان صدر سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا فرداً فرداً تعارف کرایا جس کے بعد صدر اردوان نے اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کروایا۔ ترک صدر نے ایوان وزیراعظم کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا، اس موقع پر ملکی سلامتی اور پاک ترک تعلقات اور دونوں ملکوں کے استحکام کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
دریں اثنا، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ترک صدر اور خاتون کا پرتپاک خیر مقدم کرتی ہے، صدر اردوان کی قیادت میں پاک ترک برادرانہ تعلقات مضبوط ترہوتے جارہے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان آمد پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ صدر اردوان بصیرت والے سیاست دان ہیں جنہوں نے ترکیے کو بدل دیا،صدر اردوان کی قیادت میں پاک ترک برادرانہ تعلقات مضبوط ترہوتے جارہے ہیں۔
وزیراعظم ہاوس آمد پر اردوان کے اعزاز میں پر وقار استقبالیہ تقریب
















