ٹرمپ تو آگیا کچھ نہیں بنا،ایک اور9 مئی ، 26 نومبر برپا نہیں کرنے دینگے،خواجہ آصف

سیالکوٹ: (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پر امن احتجاج کی سب کو اجازت و حق حاصل ہے ،ایک اور 9 مئی یا 26 نومبر برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سیاسی جماعتوں کو سیاسی رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، کسی کو مسلح جتھوں یا دہشت گرد گروہ کی طرح طور طریقے اپنانے کو قبول نہیں کرسکتے،بجلی مرحلہ وار مزید سستی ہوگی،عنقریب عوام کو خوشخبری ملے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاپی ٹی آئی احتجاج اور فساد کی سیاست کررہی ہے،ہر جلوس اور احتجاج پرتشدد ہوتا ہے،پہلے ہی کہا تھا مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، پی ٹی آئی مذاکرات مذاکرات کھیل رہی تھی، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ میں مذاکرات کا حقیقت سے تعلق نہیں، تحریک انصاف اپنے ورکرز کو جھوٹے دلاسے دے رہی ہے۔

وزیردفاع نے کہاگنڈاپور کا بیان ہے 99 فیصد مطالبات منظور ہو گئے اگر پی ٹی آئی کے 99 فیصد مطالبات منظور ہو گئے تو احتجاج کس بات کا کیا جا رہا ہے؟،پی ٹی آئی عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششوں کی بجائے سیاسی انداز میں کام کرے،پہلے شور مچا ٹرمپ آئے گا اور بانی باہر آجائیں گے، ٹرمپ تو آگیا لیکن کچھ نہیں بنا،ایک ڈیڑھ سال میں بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی،کاش قذافی سٹیڈیم جیسی رونقیں پشاور میں بھی لگےں،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان بہتری کی جانب جارہا ہے، زرمبادلہ ذخائر بلند سطح پر ہیں، پاکستان کا قومی وقار بلند ہو رہا ہے۔