ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت اورایران پر پابندیاں عائدکردیں

واشنگٹن،تہران:(خواجہ فاروق،مشرق نیوز) عالمی فوجداری عدالت اورایران پر امریکی پابندیاں عائد، ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی حکم نامے پر دستخط کردئیے۔

وائٹ ہاوس نے امریکی صدر کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت پر پابندیاں عائد کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا عالمی فوجداری عدالت کے حکام، ملازمین ،اہلخانہ کے اثاثے منجمد ،سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئیں۔

امریکی صدر نے کہا عالمی فوجداری عدالت نے امریکہ اور اسرائیل کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا،نیتن یاہو کے وارنٹ جاری کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا ۔

ادھر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے امریکی پابندیوں کےخلاف تمام 125 ممبران ریاستوں کو متحد ہونے کی اپیل کردی، پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت نے کہاانصاف کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کیلئے اپنے عملے کےساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

دریں اثناامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کردیں،عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ کی وائٹ ہاوس میں واپسی کے بعد ایران کےخلاف پہلی پابندیاں ہیں ،امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی تیل نیٹ ورک کو نشانہ بنایا ،ایران میں پہلے سے پابندیوں کاشکارکمپنیوں سے منسلک افراد، جہازوں اور فرموں پرپابندیاں لگائی گئیں۔

امریکی وزیر خزانہ نے الزام عائد کیاایران تیل آمدنی کو جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل اور ڈرونز پر لگانے کےساتھ دہشت گرد گروپوں کی مدد کےلئے استعمال کررہا ہے ،غیرقانونی سرگرمیوں کی فنڈنگ روکنے کےلئے مزید سخت اقدامات کریں گے۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکہ کےساتھ مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاواشنگٹن کے ساتھ مذاکرات سمجھداری اور قابل احترام نہیں ہوں گے، ایران نے ماضی میں بہت سی رعایتیں دیں مگر امریکہ نے معاہدوں کو توڑ دیا ایسی حکومت کے ساتھ بات چیت نہیں ہونی چاہیے،ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالاگیا تو امریکی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالیں گے۔