برلن: (منور علی شاہد) یوم کشمیر یکجہتی کے موقع برلن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ تقریب میں مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا فوری پر امن حل نکالے۔ 5 فروری کو منعقد ہونے والی تقریب میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں اپنے افتتاحی کلمات میں سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے شرکاءکی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنے وعدے کے حوالے سے زیادہ حساس ہونا چاہئے جو بھارتی ہٹ دھرمی اور سلامتی کونسل کی ناکامی کی وجہ سے گزشتہ 78 سالوں سے شرمندہ تعبیر ہونے کا انتظار کر رہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کی نسبت سے منعقدہ تقریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
ویڈیو پیغامات کے ذریعے مختلف مقررین نے مقبوضہ کشمیر کی اندرون سنگین صورتحال پر مختلف پہلووں سے روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ویڈیوز کے ذریعے پیغامات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے علاوہ ممتاز کشمیری رہنما الطاف حسین وانی، شمیم شال اور علی رضا سید شامل تھے۔ مقامی مقررین میں فولکر شاپکے ، منظور اعوان ، خالد محمود اور امجد صابری شامل تھے۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم وبربریت کی عکاسی کرنے والی تصاویر کی نمائش بھی کی گئی۔ تقریب میں کشمیریوں ،مقامی جرمنوں ، طلباءاور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مسئلہ کشمیر کا فوری پرامن حل نکالا جائے، برلن میں تقریب
















