حکمران ہوش کے ناخن لیں،لوگوں کو ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں:پی ٹی آئی

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) پی ٹی آئی نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے حکمران ہوش کے ناخن لیں،لوگوں کو ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا 8 فروری کو یوم سیاہ منائیں گے، تاریک دن عوام کے مینڈیٹ کو چھینا گیا، بانی پی ٹی آئی مقبول ہیں عوام نے بانی کو ووٹ دیا، اس وقت جو لوگ فیصلے کر رہے ہیں ان کی کوئی قانونی و آئینی حیثیت نہیں۔

اسد قیصر نے کہا صوابی کے جلسے میں ملک بھر سے کارکن شریک ہوں گے، دنیا کو دکھائیں گے پاکستان میں فیصلے صرف عوام ہی کریں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا لوگوں کو ڈنڈے اور گولی کے زور پر نہ دبائیں، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاپیپلز پارٹی نے متنازع پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن بل کیلئے ووٹ دیا، ایسے متنازع قوانین پاس کرنے پر شرم آنی چاہیے، سینٹ اورقومی اسمبلی میں دونوں بلوں کی بھرپور مخالفت کی گئی،حکمران چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے نہ ہو، ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، بلوچستان میں حالات خراب ہیں، ملکی معاشی حالات ٹھیک نہیں، سرمایہ کاری کیسے آئے گی، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں، لوگوں کو گولی اور ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں، آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا پنجاب پولیس کچے کے ڈاکووں کا مقابلہ نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی کارکنوںپر چڑھ دوڑتی ہے،بانی پی ٹی آئی سے ہماری میٹنگ بھی نہیں کرائی جا سکی۔