خواتین کا متحرک اور موثر سیاسی کردار جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب اسمبلی میں خواتین کی پارلیمانی کاکس کا پہلا اجلاس ہوا،خواتین کے سیاسی، سماجی اور قانونی حقوق کے تحفظ اور ان کے فعال کردار کو یقینی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس کی صدارت ممبر صوبائی اسمبلی و مومن کاکس کی چیئرپرسن عشرت اشرف نے کی جنہوں نے اس کاوش کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس کاکس کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ممبر صوبائی اسمبلی عشرت اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پلیٹ فارم کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر صرف پنجاب کی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے پارلیمانی سطح پر موثر قانون سازی اور پالیسی سازی کو یقینی بنایا جائیگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان وومن کاکس کے اس اہم اقدام کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ خواتین کی پارلیمانی کاکس کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا متحرک اور موثر سیاسی کردار جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے۔ اسمبلی میں خواتین ارکان کی شمولیت کو مزید فعال بنانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے۔