ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی پسپ حکام کو جھال روڈ لینڈ فل سائٹ پر مٹی ڈالنے کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت۔ بہت جلد شہریوں کو ایک نئے پارک کا تحفہ دیں گے۔ بنگہ حیات روڈ پر نئی لینڈ فل سائٹ پر کام تیز کیا جائے۔ کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے شہر میں جانوررکھنے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہر کے سیوریج سسٹم کو خراب کرنے میں جانوروں کے ان باڑوں کا اہم کردار ہے جسے روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے اولڈ جی ٹی روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی جس پر سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ اسے فروری کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل لگانے کے کام کو جلد مکمل کر نے اور ڈرین کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدکی زیر صدارت کمشنر آفس میں ڈویژن میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس منعقدہوا۔ انہوں نے ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کی تفصیلی بریفنگ لی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاکپتن سعدیہ مہر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ افسران منصوبوں کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت مکمل کیا جائے اور کام کی کوالٹی کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کی سکیموں کی تکمیل میں مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔ کمشنر شعیب ۱قبال سید نے سڑکوں کی مرمت و بحالی کے حوالے سے جاری پروگرام بارے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج اور ڈرین ڈالنے کے بعد روڈز کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو باقیماندہ فنڈز کی فراہمی میں بھی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
عوامی بہبود سکیموں کی تکمیل میں مزید تاخیر کی گنجائش نہیں: کمشنر ساہیوال
















