تجربہ کار سفارتکار ایم سلیم نے اوٹاوا میں چارج سنبھال لیا

اوٹاوا:(مشرق نیوز)پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ایم سلیم نے اوٹاوا پہنچ کر عہدے کاچارج سنبھال لیا،ایم سلیم تجربہ کار سفارت کار ہیں جنہوں نے شاندار سفارتی خدمات کے ذریعے بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

ایم سلیم نے نیشنل یونیورسٹی آف ملیشیا سے سفارت کاری اور حکمت عملی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 1995 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی،کیریئر کے دوران ایم سلیم نے وزارت خارجہ، اسلام آباد اور بیرون ملک پاکستان کے مختلف سفارتی مشنز میں خدمات انجام دیں جن میں جرمنی، بحرین، رومانیہ، اور کینیڈا شامل ہیں،2020 سے 2022 تک تنزانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر بھی تعینات رہے۔

ہائی کمشنر ایم سلیم نے اوٹاوا پہنچنے کے بعد اپنے عزم کا اظہار کیا وہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے، ہائی کمشنر ایم سلیم سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کےلئے نئی راہیں تلاش کریں گے اور عوامی رابطوں کو مزید مستحکم کریں گے۔