کے پی میں کرپشن انتہا کو جاپہنچی ،اربوں کی مالی بے ضابطگیاں ،وفاق کاوائٹ پیپر

لاہور:( خبر نگار) کے پی میں کرپشن انتہاءکو جاپہنچی ،اربوں کی مالی بے ضابطگیاں ،وفاق نے وائٹ پیپر جاری کردیا۔

وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا حکومت کےخلاف وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا10ماہ کے دوران کرپشن کی انتہا ہوگئی ،152ارب کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، ٹرولنگ ، ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والے سوشل میڈیا کے رضا کاروں کو 13.2 کروڑ کی فراڈ ادائیگیاں کی گئیں، 51کروڑ کی مشکوک ادائیگیاں ہیں ،خیبر پختونخوا کے ذمے قرضوںکا بوجھ 725ارب ہے ،ادائیگیاں نہ کی گئیں تو 2030تک حجم2555ارب تک پہنچ جائے گا ۔

عطا تارڑ نے کہابلاول بھٹو زرداری قابل احترام بھائی ، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیںحکومت کی اصلاح کریں ،حکومت اچھے طریقے سے چلے ،باتوں کا کوئی اور مقصد نہیں ،مذاکرات کا مقصد ڈیل کرنا یا این آر او دینا نہیں بلکہ سیاسی استحکام ہے ،کیسز عدلیہ کے پاس ہیں، مذاکرات سے کوئی رعایت یاکرپشن کیسز ختم نہیں ہوں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا شہباز حکومت ڈیفالٹ سے اٹھا کر ملک کو استحکام سے آگے لے آئی ، گروتھ کی طرف جارہے ہیں ، بانی چیئرمین نے بھی اعتراف کیا معیشت مستحکم ہو گئی،ترسیلات زر ،زر مبادلہ ذخائر بڑھے ،روپیہ مستحکم ہوا، پنجاب میںہر روز نیا منصوبہ لگ رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں فنانشل سٹرکچر تباہ کر دیا گیا۔