پاک چین آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے قائداعظم نے پاکستان اور ما زے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان ،چین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں،پاکستان ، چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم نے ملاقات کی ،چیئرمین ماو زے تنگ کی بھتیجی مادام ماو شیاو چنگ بھی موجود تھیں،اس موقع پر ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم اور چیئرمین ماوزے تنگ کے سکلپچرز پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جو 25 دسمبر کو قائد اعظم ،26 دسمبر کو ماوزے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہادونوں لیڈرز کے سکلپچرز ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، قائد اعظم نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی جبکہ جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماو کا کلیدی کردار تھا،چیئرمین ماوزے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے،پاکستان ، چین کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت و احترام اور بھروسے پر مبنی ہیں،چین ،پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جوانتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے،پاکستان میں وادی سندھ قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے،موہنجو دڑو ، ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے،چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے دورے سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے،پاکستان ،چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا اقتصادی راہداری منصوبے سے لےکر دفاع اور دفاعی پیداوار و زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے، پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹس کا پہلا بیج چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت و تحقیق کی غرض سے جلد بیجنگ روانہ ہو گا۔