لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے پرانے ہال میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں معروف مذہبی و روحانی سکالر پروفیسر احمد رفیق اختر نے خطاب کیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا، اس موقع پر ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، ذکیہ شاہنواز، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب اور دیگر معزز اراکین اسمبلی موجود تھے۔ اس موقع پرسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ پروفیسر احمد رفیق اختر ایک عظیم روحانی شخصیت ہیں جو اللہ، قرآن اور انسان کے تعلق کو مضبوط کرنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ آپ کے نزدیک خدا کے قریب پہنچنے کا ذریعہ اعتدال ہے۔پروفیسر احمد رفیق اختر نے اپنے خطاب میں مذہب، سماج اور دنیا کے موجودہ حالات پر گہرائی سے روشنی ڈالی۔ جمہوریت وہ اختیار فراہم نہیں کرتی جو اسلام دیتا ہے۔پروفیسر احمد رفیق اختر نے کہا کہ جب کوئی قوم ختم ہوتی ہے تو اسے مٹنے میں ایک لمحہ بھی نہیں لگتا۔ یورپ اور امریکہ آگے بڑھنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا اور ٹوٹا ہوا حصہ بھی جلد واپس آئے گا۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے کہا کہ قائداعظم نے اپنی جدوجہد اسلئے کی کہ پاکستان ایک عظیم مقصد کیلئے قائم ہو، نہ کہ صرف یہ کہا جائے کہ محمد علی جناح نے بہترین کام کیا۔کرپشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ کرپشن کے ذریعے امیر ہو رہے ہیں، لیکن جب یہ نظریہ ختم ہوگا تو عام آدمی کی باری آئے گی۔ کرپشن کے خاتمے سے سماجی انصاف کا قیام ممکن ہوگا۔ رزق کی تقسیم پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کائنات میں 17 مخلوقات ہیں، لیکن ان میں سے صرف انسان یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ خود رزق کماتا ہے، جبکہ اللہ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ 6 بلین انسان اللہ کو نہیں مانتے، پھر بھی اللہ تعالیٰ ان سب کو رزق دیتا ہے۔انہوں نے انسان کی طاقت اور توبہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان طاقت رکھتے ہوئے غلطی کرتا ہے، لیکن توبہ اسے ایک نئے جنم کی طرح دوبارہ زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔اجلاس کے اختتام پر پروفیسر احمد رفیق اختر نے کہا کہ رسول اللہ کے آنے سے یہودیوں کے تمام خواب چکنا چور ہو گئے۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے پروفیسر کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ ان کی باتیں روحانی، سماجی، اور اخلاقی درس سے بھرپور ہیں، جو معاشرے کیلئے مشعل راہ ہیں۔اجلاس میں عوامی مسائل پر بھی بات چیت کی گئی، جس میں گوجر خان کے مسائل زیر غور آئے۔ پروفیسر احمد رفیق اختر نے دل کے مریضوں کیلئے انجیوپلاسٹی مشین کی ضرورت پر زور دیا اور گوجر خان کی یونیورسٹیوں کے وسائل اور انتظامات کی بہتری کی درخواست کی۔ سپیکر ملک احمد خان نے یقین دلایا کہ گوجر خان میں کارڈیک مشین جلد فراہم کی جائیگی اور یونیورسٹیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔یہ اجلاس نہ صرف روحانی اور سماجی مسائل پر روشنی ڈالنے کا موقع تھا بلکہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئی اہم نکات بھی اٹھائے گئے۔
پاکستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا اور ٹوٹا ہوا حصہ بھی جلد واپس آئے گا: پروفیسر احمد رفیق اختر
















