قوم کی حمایت سے ملک کیخلاف ہرسازش ناکام بنا دیں گے،آرمی چیف

راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، افواج پاکستان ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نارووال، سیالکوٹ کا دورہ کرکے فیلڈ ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا، آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ ، آئی جی ٹریننگ نے استقبال کیا، مشق کے مقاصد پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مشق میں آرمر، انفینٹری، میکانائزڈ انفینٹری، آرٹلری، ائرڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس کے مربوط فائر، مینیوور آپریشنز کئے گئے جبکہ برقی جنگی صلاحیتوں و معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا، آپریشنز کو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے ،جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کےلئے ڈیزائن کیا گیا، مشقوں کا مقصد ابھرتے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پیشہ وارانہ مہارتوں، میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا۔

پاک فوج کے سربراہ نے دن فوجیوں کےساتھ میدان میں گزارا اور جوانوں کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری، بلند حوصلے کی تعریف کی،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی پرعزم حمایت کےساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے، جنرل سید عاصم منیر نے دشمن کی طرف سے کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کےلئے مستقل تیاری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔