لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری،ٹیوٹا اداروں کی اپ گریڈیشن اور ٹیوٹا کے دیگر اداروں کے ساتھ اشتراک کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ نے ٹیوٹا کے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ معیاری فنی تعلیم کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ٹیوٹا کے اداروں میں پہلی بار سولر انرجی ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بچوں کو آئی ٹی کے 3ماہ کے شارٹ کورسز مفت کروائے جارہے ہیں۔ایک ہزار بچے کورسز مکمل کرچکے،دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کو ہے۔کورسز کی تکمیل کے بعد انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن بھی ہوگی۔صوبائی وزیرصنعت نے کہاکہ انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن سے عالمی مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔تربیت یافتہ بچے ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ کمائیں گے جس سے معیشت بہتر ہوگی۔ٹیوٹا کے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ اشتراک کا جائزہ لیا جائے گا۔افضل چانڈیا نے کہاکہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان بھر میں بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
معیاری فنی تعلیم کا فروغ ترجیح، ٹیوٹا اداروں کی اَپ گریڈیشن جاری ہے: شافع حسین
















